آيت اللہ احمد جنتی:پوپ نے اسلام كی توہين كركے اپنی عزت خاك میں ملادی ہے۔

IQNA

آيت اللہ احمد جنتی:پوپ نے اسلام كی توہين كركے اپنی عزت خاك میں ملادی ہے۔

سماجی گروپ:تہران كی مركزی نماز جمعہ كے خطيب نے اقوام متحدہ كی جنرل اسمبلی میں اسلامی جمہوریۂ ايران كے صدر ڈاكٹر محموداحمدی نژاد كے سامراج مخالف خطاب كی قدردانی كی ہے۔


ايران كی قرآنی خبر رساں ايجنسی (ايكنا) اور ریڈيو تہران كےمطابق آيت اللہ احمد جنتی نے آج اپنے خطبوں میں كہا كہ مغرب والوں نے اعتراف كيا ہے كہ انہوں نے اقوام متحدہ كی جنرل اسمبلی میں صدر ڈاكٹر محمود احمدی نژاد كے خطاب میں اسلامی انقلاب كی حقيقت كا مشاہدہ كيا ہے۔

آيت اللہ جنتی نے رسول اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم كے بارے میں كيتھولك عيسائيوں كے پيشوا پوپ بنیڈكٹ شانزدھم كے توہين آميز بيان كی مذمت كرتے ہوئے كہا كہ پوپ نے اسلام كی توہين كركے اپنی عزت خاك میں ملادی ہے۔

انہوں نے كہا كہ پوپ نے اپنے اس بيان سے ثابت كرديا كہ يا تو وہ اسلام كے بارے میں كچھ نہیں جانتے ہیں يا سامراجی طاقتوں كا آلۂ كار بن كر خود كو اسلام كی توہين كرنے والے ڈينش اخبار اور ديگر مغربی جرائد كی سطح تك گراليا ہے۔

تہران كی مركزی نماز جمعہ كے خطيب نے ہفتۂ مقدس دفاع كی مناسبت سے كہا كہ ايرانيوں نے ايك ايسی جنگ میں جس میں مشرق اور مغرب دونوں صدام كی حمايت كررہے تھے، خالی ہاتھوں كاميابی حاصل كی اور یہ قابل فخر فتح دراصل اسلام كی فتح ہے۔

آيت اللہ جنتی نے كہا كہ اس جنگ میں دشمنوں نے صرف ايران پر حملہ نہیں كيا تھا بلكہ ان كا ہدف اسلام تھا ۔

تہران كی مركزی نماز جمعہ كے خطيب نے كہا كہ ہمارے دشمنوں نے جب یہ ديكھا كہ اسلامی انقلاب كا نعرہ مغربی اور مشرقی دونوں بلاكوں كی نفی كرتا ہے اور ان كے مفادات كے خلاف ہے تو پہلے انہوں نے اقتصادی بائيكاٹ كيا اورپھر جنگ شروع كركے اسلامی انقلاب پر وارلگانے كی كوشش كی مگر وہ اس بات سے غافل تھے كہ اسلامی انقلاب كی بنيادیں معنويت، اخلاص، جہاد، شہادت اور ايثار پر استوار ہیں۔

________