بين الاقوامی قرآنی خبررساں ايجنسی 'ايكنا" نے " التوافق" نامی ويب سائیٹ كے حوالے سے رپورٹ دی ہے كہ مصر كے وزيراوقاف محمود حمدی زقزوق نے شارجہ میں اسلامی فقہ كے موضوع پر بين الاقوامی كانفرنس میں خطاب كرتے ہوئے شيعہ اور اہل سنت كے درميان تقارب كی ضرورت پر زور ديا اوركہا كہ اس مقصد كے لیے علماء اسلام كی باہمی نشستوں كا انعقاد ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزيد كہا كہ اس دور میں شيعہ سنی اختلافات ختم ہونے چاہئیں۔ ان كا كہنا ہے كہ یہ اختلافات سياسی نوعيت كے ہیں جو پيغمبراسلام (ص) كی وفات كے بعد شروع ہوئے ہیں اور ان اختلافات كا دين سے كوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے كہا كہ مصر میں شيعہ اور اہل سنت كی جدا جدا مساجد ہیں۔ جہان وہ اپنی نمازیں ادا كرتے ہیں ۔ ہمارہ ارادہ ہے كہ ہم مصر میں ايك ايسی مسجد تعمير كریں جو شيعہ اور سنی عنوان سے آزاد ہو اور تمام مسلمان اس میں بغير كسی مشكل كے نماز پڑھ سكیں۔ انہوں نے كہا كہ شيعہ اور اہل سنت كے درميان كوئی فرق نہیں ہے؛ جس طرح اہل تشيع اہل بيت (ع) سے محبت كرتے ہیں اسی طرح مصر كے اہل سنت بھی اہل بيت (ع) سے محبت كرتے ہیں۔
395613