ہم ماہ مبارك رمضان كے مختلف پہلووں میں جتنا غوروخوض كرتے ہیں اتنا ہی اس مہينہ میں رحت الہی كے جلووں سے آگاہ ہوتے ہیں حتی كہ اس مہينے كے نام میں ايك خوبصورت اور زيبا راز پوشيدہ ہے جيسا كہ رسول اكرم (ص) نے فرمايا ہے" انما سمی الرمضان لانہ يرمض الذنوب" رمضان كو اس وجہ سے رمضان كہا جاتا ہے چونكہ یہ گناہوں كو جلا ديتا ہے۔ ہشام بن سالم نے بھی سعد سے نقل كيا ہے كہ انہوں نے كہا كہ امام محمد باقر (ع) كی خدمت میں بیٹھا ہوا تھا كہ ماہ رمضان كی بات چل نكلی ، امام باقر (ع) نے فرمايا: یہ نہ كہو كہ یہ رمضان ہے، رمضان چلا گيا ،رمضان آ گيا كيونكہ رمضان ، خدا كے اسماء میں سے ايك اسم ہے جو آتا اور جاتا نہیں ہے۔ اس كے بارے میں آنے اور جانے كی باتیں كرنا صحيح نہیں ہے۔ بلكہ اس طرح كہو ماہ رمضان ،كيونكہ رمضان، خدا كا نام ہے" رسول خدا (ص) نے ماہ شعبان كے آخری جمعہ كو ايك خطبہ ديتے ہوئے فرمايا: اے لوگو! بتحقيق خدا كا مہينہ بركت ، رحمت اور مغفرت لے كر تمہاری طرف آيا ہے؛ ايسا مہينہ جو خدا كے نزديك سب سے بہترين مہينہ ہے جس كے ايام بہترين ايام؛ جس كی راتیں بہترين راتیں؛ جس كی گھڑياں بہترين گھڑياں ہیں۔ یہ وہ مہينہ ہے جس میں تمہیں خدا كی مہمانی كی دعوت دی گئی ہے اور اس مہينہ میں تمہارا سانس لينا تسبيح پروردگار تمہاری نيند، عبادت ہے۔ اس مہينے میں تمہارے اعمال اور تمہاری دعائیں مستجاب ہیں۔ پس تم اپنی سچی نيتوں اور پاكيزہ دلوں سے خدا كو پكارو تاكہ وہ تمہیں روزے ركھنے، تلاوت قرآن كريم كرنے كی توفيق عنايت فرمائے۔ كيونكہ بدبخت اور نامراد وہ شخص ہے جو اس عظيم مہينہ میں مغفرت الہی سے محروم رہے۔ پيغمبر اكرم(ص) نے نيز فرمايا" لو يعلم العبد مافی رمضان لود ان يكون رمضان السنۃ" ۔اگر انسان ، ماہ رمضان كی فضيلتوں كو سمجھ لے تو وہ ہر وقت تمنا كرے گا كہ اے كاش پورا سال رمضان ہوتا۔ ايسا مہينہ جس میں خود خداوند كريم كی ذات نے اپنے بندوں كو مہمانی كی دعوت دی ہے۔ تو كيا اس مہمانی اور ضيافت الہی كے لئے ہمیں تيار نہیں ہونا چاہیے اور ماہ رمضان كے آنے سے پہلے خواہشات نفسانی آلودگيوں سے اپنے آپ كو پاكيزہ نہیں كرنا چاہیے۔ پيغمبر اكرم (ص) نے اس مہينے میں داخل ہونے كی پہلی شرط نيتوں كے خالص اور دل كو پاك كرنے كو قرار ديا ہے۔ آنحضرت (ص) نے آخر میں متنبہ كرتے ہوئے فرمايا ہے كہ بعض ايسے لوگ بھی ہیں جو نفس كی خباثتوں اور اندرونی صلاحيتوں كے نہ ہونے كی وجہ سے اس رحمت الہی سے محروم رہتےہیں اور پھر واضح فرمايا كہ جو اس مہينہ میں بخشا نہ جائے وہ پھر كس مہينہ میں بخشا جائے گا۔
448522