پاپ کا لبنان میں سفر اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر

IQNA

پاپ کا لبنان میں سفر اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر

6:24 - December 03, 2025
خبر کا کوڈ: 3519588
ایکنا: کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پاپ لیو نے اجتماعی دعا کے ساتھ سفر کا اختتام کیا۔

ایکنا نے روئٹرز کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ پاپ لیو اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا اختتام بیروت میں دسیوں ہزار لبنانی باشندوں کی موجودگی میں دعا کے ساتھ کریں گے۔

اس دورے کے دوران انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی اپیل کی اور خبردار کیا کہ دنیا بھر میں جاری خونریز تنازعات کی وجہ سے انسانیت کا مستقبل خطرے سے دوچار ہے۔

پاپ لیو، جو تاریخ کے پہلے امریکی پاپ ہیں، بیروت کی بندرگاہ میں 2020ء کے کیمیائی دھماکے کے مقام پر دعا کریں گے۔ وہ روانگی سے قبل بیروت کے ساحل پر کیتھولک چرچ کی عشائے ربانی کی عبادت کی امامت بھی کریں گے، جس میں تقریباً ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ وہ بیروت کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1:15 بجے اپنے وفد کے ساتھ روم روانہ ہوں گے۔

پاپ نے کہا کہ وہ ایک "امن مشن" پر ہیں اور انہوں نے لبنان کے رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ گزشتہ سال اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ہونے والی تباہ کن جنگ اور اسرائیلی حملوں کے تسلسل کے بعد امن کی کوششوں کو جاری رکھیں۔

پیر کے روز پاپ نے لبنان کے مختلف مذاہب کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور ان سے کہا کہ وہ طویل عرصے کی خانہ جنگی، سیاسی بحران اور معاشی تباہ حالی کے بعد، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہجرت ہوئی، ملک کے زخموں کو بھرنے کے لیے متحد ہوں۔

انہوں نے مسیحی، سنی، شیعہ اور دروزی رہنماؤں سے رابطہ کیا تاکہ یہ دکھایا جا سکے کہ مختلف مذہبی روایتوں کے لوگ باہمی احترام اور گفتگو کے ذریعے ایک متحد ملک میں ساتھ رہ سکتے ہیں۔

لبنان کی اعلیٰ اسلامی شیعہ کونسل کے نائب صدر شیخ الخطیب نے بیروت میں منعقد بین المذاہب اجلاس میں، جس میں پاپ بھی شریک تھے، پاپ کے دورے کو "امید اور یکجہتی کا موقع" قرار دیا۔ انہوں نے کہا: ہم ان مشکل دنوں میں، جن سے ہمارا ملک لبنان گزر رہا ہے، آپ کے موقف کی قدر کرتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ دورہ قومی اتحاد کے فروغ اور اسرائیلی جارحیت کے سبب ہونے والے دکھوں میں کمی کا باعث بنے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ شیعہ مسلمانوں کی روحانی ثقافت "انسانی اخوت اور اسلامی تعلیمات" پر قائم ہے، اور مختلف ادیان کے ماننے والوں کے درمیان تعلقات گفتگو، تعاون اور باہمی ہمزیستی کی بنیاد پر استوار ہونے چاہئیں۔

 

4320397

نظرات بینندگان
captcha