
ایکنا نیوز- روزنامہ الیوم نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے مصر کی 57ویں بین الاقوامی کتاب نمائش میں قائم اپنے ملک کے پویلین میں مرکز طباعتِ قرآنِ کریم شاہ فہد کی مطبوعات کا ایک مجموعہ نمائش کے لیے پیش کیا ہے، اور نمائش میں آنے والے زائرین کو مختلف سائز کے پچاس ہزار قرآنِ کریم کے نسخے بطور تحفہ پیش کیے ہیں۔
اس نمائش میں سعودی عرب کے پویلین میں اسلامی الیکٹرانک لائبریری کا تعارف، نیز ڈیجیٹل پروگراموں اور مختلف زبانوں میں صحیح شہادتین ایپلیکیشن اور ورچوئل حج سے متعلق سعودی کوششوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
نمائش کے زائرین اس پویلین میں موجود رہتے ہوئے ورچوئل رئیلٹی (VR) ٹیکنالوجی کے ذریعے مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی ﷺ کے مختلف حصوں سے واقفیت حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ شرکت سعودی وزارتِ امورِ اسلامی کی جانب سے اسلام کے پیغام کے فروغ، بین الاقوامی ثقافتی محافل میں ملک کی موجودگی کو مضبوط بنانے، اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ قاہرہ کی 57ویں بین الاقوامی کتاب نمائش کا آغاز 23 جنوری 2026 (3 بہمن) کو مصر کے بین الاقوامی نمائش مرکز میں ہوا ہے، جو 3 فروری 2026 (14 بہمن) تک جاری رہے گی۔
اس سال کی نمائش کا شعار یا سلوگن "جو شخص ایک گھنٹے کے لیے مطالعہ ترک کر دے، وہ صدیوں پیچھے چلا جاتا ہے" رکھا گیا ہے جبکہ اس عالمی ثقافتی ایونٹ میں 83 ممالک کے 1457 اشاعتی ادارے شریک ہیں۔