مصری بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا آغاز

IQNA

مصری بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا آغاز

6:45 - December 08, 2025
خبر کا کوڈ: 3519613
ایکنا: مصر میں 32 ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کی افتتاحی تقریب ملک کے نئے انتظامی دارالحکومت میں واقع اسلامی ثقافتی مرکز میں منعقد ہوئی۔

ایکنا نیوز، نیوز روم نے اطلاع دی ہے کہ وزارتِ اوقاف مصر کی جانب سے منعقد کیے جانے والے 32 ویں بین الاقوامی قرآن مسابقات کی افتتاحی تقریب بروز ہفتہ، 6 دسمبر 2025، اسلامی ثقافتی مرکز میں منعقد ہوئی۔

تقریب کا آغاز نامور مصری قاری شیخ محمود الشحات انور کی تلاوتِ قرآن سے ہوا، اور اس سال کے مقابلے اُن کے والد کے نام سے منسوب کیے گئے ہیں۔

اسامہ الازہری، وزیرِ اوقاف مصر نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ 32 واں بین الاقوامی قرآن مقابلہ اُن نمایاں ترین تقریبات میں سے ہے جن کی تیاری وزارتِ اوقاف سال بھر کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر سے ممتاز قراء کی شرکت کے ساتھ ایک اہم ترین بین الاقوامی قرآنی اجتماع کی میزبانی کے لیے انسانی و تنظیمی وسائل پوری طرح متحرک کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزرائے اوقاف کی مسلسل نگرانی اور کوششوں کی بدولت ان مقابلوں نے ہر گزرتے سال کے ساتھ کامیابیوں میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے ان کے لیے دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے وزارتِ اوقاف کے کاموں میں برکت کی دعا کی۔

الازہری نے وضاحت کی کہ اس سال کے مقابلے ستر سے زائد ممالک کی غیر معمولی شرکت کے گواہ ہیں، جو اس بین الاقوامی مقابلے کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے گابن، کیمرون، فرانس، بھارت، نائیجیریا، قازقستان، چاڈ، یوگنڈا، جنوبی افریقہ، بوسنیا و ہرزیگووینا، بنگلادیش، الجزائر، کانگو، زیمبیا، سری لنکا، یمن، روس، انڈونیشیا، لبنان، قطر، ملائیشیا، مراکش اور مصر کے شرکاء کا ذکر کیا۔

وزیرِ اوقاف نے خصوصی طور پر مہمانوں اور جیوری اراکین کا استقبال کیا، جنمیں بعض کے نام قابل ذکر ہیں۔

توفیق ابراہیم — اردن

شیخ حسین ادریس

زیاد عبدالقادر — لبنان

شیخ محمد احمد — موریتانیہ اور عرب و اسلامی ممالک سے تعلق رکھنے والے دیگر ججز۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کے لحاظ سے مصر ہمیشہ خوبصورت قرآنی تلاوت کا مرکز رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ قرآن مکہ میں نازل ہوا، لیکن اسے سب سے خوبصورت آوازوں میں مصر میں پڑھا گیا۔

الازہری نے باضابطہ طور پر مقابلے کے آغاز کا اعلان بھی کیا اور صدرِ مصر کی جانب سے ان مقابلوں اور قرآن کے خدمت گزاروں کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔

اس سال مقابلوں کے نقد انعامات کی مجموعی مالیت 13 ملین مصری پاؤنڈ تک پہنچتی ہے، جو مصر کی بین الاقوامی قرآن مسابقات کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔/

 

4321216

نظرات بینندگان
captcha