
ایکنا نیوز، آستانہ مقدس علوی کی ویب سائٹ نے اطلاع دی ہے کہ ہفتۂ عفاف کی سرگرمیوں کے تحت جو حضرت فاطمہ زہرا(س) کی ولادت مبارکہ سے مناسبت رکھتا ہے، آستان مقدس نے حضرت زہرا(س) کے صحن میں بچیوں کے لیے عظیم الشان جشنِ تکلیف منعقد کیا۔
تقریب کا آغاز
تقریب کا آغاز حرم امام علی(ع) کے ایک قاری کی خوبصورت تلاوتِ قرآن سے ہوا،اس کے بعد پروگرام کے میزبان معمل خلیفہ نے جشن کے مختلف حصوں کا تعارف کرایا جن میں:
نجف اشرف کے ایک عالمِ دین کا خطاب
عفت و پاکدامنی کے موضوع پر اسٹیج پرفارمنس
عفاف و حجاب کے موضوع پر خصوصی نغمہ شامل تھے۔
علماء کا خطاب
حوزہ علمیہ کے استاد شیخ مقداد الکعبی نے خطاب کرتے ہوئے بچیوں کو حضرت فاطمہ زہرا(س) کی پاکیزہ سیرت، ان کی عفت و حیا، اور حجاب کی اہمیت کے بارے میں نصیحت آمیز اور روحانیت سے بھرپور پیغام دیا۔
بین الاقوامی سطح پر شرکت
تقریب میں تین ہزار وہ بچیاں شریک ہوئیں جو سنِ تکلیف کو پہنچ چکی تھیں ان کے ساتھ ان کے اہلِ خانہ اور نجف صوبے کے مختلف اسکولوں کا اسٹاف بھی موجود تھا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یوکرین، سویڈن اور چند یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والی مسلمان بچیوں نے بھی شرکت کی اور مولائے متقیان حضرت علی(ع) کے روضے کی موجودگی میں حجاب پہننے پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔
جشنِ تکلیف کا مقصد
اس جشن کا مقصد بچیوں کے ذہنوں میں محبت بھرے انداز میں "تکلیف دینی" کا تصور راسخ کرنا،حیا، عفت اور ذمہ داری جیسے اخلاقی اقدار کو فروغ دینا،نماز، پاکدامنی اور حجاب جیسے بنیادی احکام سے آگاہی
بچیوں کے اندر اعتماد پیدا کرنا،نئی ذمہ داریوں کو قبول کرنے کی ترغیب،دینی ذمہ داری اور ایمانی شناخت کے ساتھ خوبصورت یاد وابستہ کرنا ہے۔
خصوصی پروگراموں کی سلسلہ وار تقریبات
آستان مقدس امام علی(ع) نے اس مبارک موقع کی مناسبت سے نجف کے اندر اور باہر 40 سے زائد روحانی اور سماجی تقریبات کا جامع پروگرام ترتیب دیا ہے تاکہ حضرت فاطمہ زہرا(س) کے مقام کے شایانِ شان معنوی ماحول قائم اور اہلِ بیت(ع) کی تعلیمات، عفت اور وفاداری کے اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔/
4322403