مصطفی اسماعیل کی تلاوت سے الازهر کی تعریف تک + ویڈیو

IQNA

«دولت تلاوت» پروگرام کا نیا قسط

مصطفی اسماعیل کی تلاوت سے الازهر کی تعریف تک + ویڈیو

12:34 - December 22, 2025
خبر کا کوڈ: 3519689
ایکنا: مصری قرآنی ٹی وی پروگرام «دولتِ تلاوت» کی تازہ ترین قسط مختلف حصّوں پر مشتمل تھی، جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ استاد مصطفیٰ اسماعیل نے اپنی دلنشین اور استادانہ آواز کے ذریعے عالمِ اسلام کو متاثر کیا۔

ایکنا نیوز- دارالہلال نیوز کے مطابق اس پروگرام کی نئی قسط جو جمعہ کی شام کو مصر کے سیٹلائٹ چینلز پر نشر ہوئی، معروف مصری قاریِ قرآن شیخ مصطفیٰ اسماعیل کی قرآنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مخصوص تھی۔ پروگرام میں انہیں عہدِ جدید کے ممتاز مصری قرّاء میں سے ایک قرار دیا گیا، جنہوں نے اپنی دل موہ لینے والی اور استادانہ تلاوت سے عالمِ اسلام کو مسحور کیا۔

پروگرام میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ مصطفیٰ اسماعیل کی قرآنی آواز آسمان کی ایک نعمت ہے، جو اپنی خوبصورتی اور روحانی تاثیر کے ذریعے دلوں کو متاثر کرتی ہے۔

مزید برآں، استاد مصطفیٰ اسماعیل کی سوانحِ حیات اور قرآنی ورثے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مرحوم مصری قاری قرآن کی تلاوت میں جدت کے حامل تھے اور ایک منفرد اسلوب رکھتے تھے، جو آیات کے گہرے حفظ اور قرآن کے معانی کی دقیق سمجھ کا حسین امتزاج تھا، اور اسی بنا پر وہ تلاوت میں غیر معمولی مہارت رکھتے تھے۔

الازہر کی قرآنی نگراں کمیٹی کی خدمات کی تحسین

رپورٹس کے مطابق، «دولتِ تلاوت» میں پروگرام کے میزبان آیہ عبدالرحمن نے الازہر کی قرآنی کمیٹی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے اس ادارے کو سرزمینِ مصر میں کلامِ الٰہی کا محافظ قرار دیا۔

انہوں نے شیخ حسن عبدالنبی کی خدمات کو بھی سراہا، جو جیوری کے رکن ہیں، اپنی زندگی کلامِ خدا کے تحفظ کے لیے وقف کرچکے ہیں اور الازہر میں قرآن بازنگری کمیٹی کے رکن ہیں۔

کم عمر قاری کی قابلِ تحسین تلاوت

پروگرام کے دیگر حصّوں میں کم عمر مصری قاری محمد القلاجی کی تلاوت بھی شامل تھی، جنہوں نے قواعدِ تجوید پر مکمل عبور اور خاص مہارت کے ساتھ تلاوت پیش کی۔ ان کی تلاوت کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور جیوری کمیٹی نے بھی اس کی خوب تعریف کی۔

قابلِ ذکر ہے کہ «دولتِ تلاوت» پروگرام ترتیل اور قراءتِ قرآن کے میدان میں سب سے بڑے ٹیلنٹ ہنٹ مقابلے کے لیے مخصوص ہے، جو سیٹلائٹ چینلز الحیاة، CBC، الناس، مصر قرآن کریم اور پلیٹ فارم «watch it» پر نشر کیا جاتا ہے۔/

 

ویڈیو کا کوڈ

4323984

نظرات بینندگان
captcha