قاری مصطفی اسماعیل کی تلاوتوں کی ڈیجیٹل سازی

IQNA

قاری مصطفی اسماعیل کی تلاوتوں کی ڈیجیٹل سازی

9:50 - December 25, 2025
خبر کا کوڈ: 3519705
ایکنا: استاد مصطفیٰ اسماعیل کے پوتے نے اپنے دادا کی ریکارڈ شدہ تلاوتوں کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرنے کا اہتمام کیا ہے۔

ایکنا نیوز، صدی البلد نیوز کے مطابق مرحوم مصری قاری شیخ مصطفیٰ اسماعیل کے پوتے علاء حسنی نے گزشتہ روز ایک ٹیلی وژن بیان میں کہا کہ خاندان ہر سال اس عظیم مصری قاری کی یاد مناتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ عرصہ ان کے لیے خصوصی رہا ہے، کیونکہ وہ اس عظیم قاری کی تمام ریکارڈ شدہ تلاوتوں اور مکمل صوتی ورثے چاہے وہ ریڈیو کے لیے ہوں یا غیر ریڈیویی کو، مصر اور بیرونِ ملک سے جمع کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ان تلاوتوں کو باقاعدہ ترتیب اور تنظیم کے بعد اینالاگ ریکارڈنگز (مائیکروفون سے حاصل ہونے والی قدرتی آواز اور کیسٹ ٹیپس) سے ڈیجیٹل شکل میں منتقل کیا گیا، تاکہ یہ امتِ مسلمہ کے لیے ایک مستقل آرکائیو بن سکیں۔

علاء حسنی نے واضح کیا کہ یہ ریکارڈ شدہ تلاوتیں مصر ریڈیو کو عطیہ کی گئیں اور گزشتہ رمضان میں اسی ذریعے سے نشر بھی کی گئیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ مزید تلاوتیں بھی عطیہ کی جائیں گی تاکہ یہ قیمتی ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رہے۔

استاد مصطفیٰ اسماعیل کے پوتے نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے مصر کی قومی میڈیا اتھارٹی کے سربراہ احمد المسلمانی سے ملاقات کی، جنہوں نے ان سے درخواست کی کہ استاد مصطفیٰ اسماعیل کے ذاتی سامان اور ورثے کو مصری قرّاء کے میوزیم میں محفوظ رکھنے کے لیے عطیہ کیا جائے۔

علاء حسنی نے استاد مصطفیٰ اسماعیل کی مصر کے عظیم قرّاء سے ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے ایک شیخ محمد الصیفی تھے، جنہوں نے شیخ کی آواز کو اپنی زندگی میں سنی گئی سب سے خوبصورت آواز قرار دیا۔ شیخ کے بلند مقام کی وجہ سے اس وقت کے مصری بادشاہ ملک فاروق نے بھی ان پر خصوصی توجہ دی اور رمضان المبارک میں قصر میں تلاوت کے لیے ان کی میزبانی کی۔

شیخ کے پوتے نے اپنے دادا کی زندگی کے بعض قابلِ ذکر واقعات بھی بیان کیے، جن میں وفات سے ایک ہفتہ قبل دیکھے گئے دو خواب شامل ہیں۔ پہلے خواب میں انہوں نے خود کو جنت میں سیر کرتے ہوئے اور رسولِ اکرم ﷺ سے ملاقات کرتے دیکھا۔ دوسرے خواب میں انہوں نے اپنی تدفین کی جگہ اپنے باغ میں دیکھی، جو اس وقت کے صدرِ مملکت کی اجازت سے حقیقت بن گئی اور بعد میں وہاں ایک مسجد تعمیر کی گئی۔

انہوں نے مسجدِ اقصیٰ کی زیارت کی شیخ کی خواہش کا بھی ذکر کیا، جو اس وقت کے مصری صدر انور سادات کی دعوت پر وہاں عید کی نماز ادا کرنے کے ذریعے پوری ہوئی۔ شیخ مصطفیٰ اسماعیل نے امریکہ کے صدر کارٹر کی کانگریس میں تلاوت کی دعوت قبول نہیں کی، کیونکہ وہ اس وقت بیت المقدس کے سفر پر تھے۔/

 

4324735

نظرات بینندگان
captcha