
ایکنا نیوز، اخبار الوطن نیوز کے مطابق مصر کے صوبہ منوفیہ کے شہر شبین الکوم کے نواحی گاؤں کفر شنوان کے رہائشی تین کم سن مصری بہنوں کی یاد میں قرآنِ کریم کے حفظ و تلاوت کے مقابلوں کا اہتمام کر رہے ہیں، جو گھر میں گیس کے باعث دم گھٹنے سے انتقال کر گئی تھیں۔
یہ مقابلے رمضان المبارک میں «جنتی پرندے» کے عنوان سے منعقد کیے جا رہے ہیں، جو ان تین مصری بہنوں کے خاندان کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار ہیں، جو گھر میں گیس لگنے کے حادثے میں جاں بحق ہوئیں۔
یہ قرآنی مقابلے معاشرے کی بھرپور شرکت کو ظاہر کرتے ہیں، جن کا مقصد خیر و بھلائی کو فروغ دینا اور بچوں کو کتابِ الٰہی کے حفظ کی طرف راغب کرنا ہے۔
گاؤں کفر شنوان میں اس مقابلے کے منتظمین میں شامل محمد العربی نے روزنامہ الوطن کو بتایا کہ اس اقدام کا آغاز اس وقت ہوا جب ان تین بچیوں کی والدہ نے سوشل میڈیا پر قرآنِ کریم کے مقابلوں سے متعلق ایک پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: اللہ آپ کو سلامت رکھے، شیخ محمد۔ خدا کی قسم، یہ ایک بہت خوبصورت پروگرام ہے۔ میری بیٹی کا ارادہ تھا کہ وہ اس سال آدھا قرآن حفظ کر کے اس مقابلے میں شرکت کرے، مگر اسے یہ موقع نہ مل سکا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان تین بہنوں کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے عظیم قرآنی مقابلے کی انتظامیہ نے اس کا نام «جنتی پرندے» رکھنے کا فیصلہ کیا، تاکہ ان کی یاد ہمیشہ باقی رہے۔
العربی نے وضاحت کی کہ کوئی بھی الفاظ اس درد اور کرب کی عظمت کو بیان نہیں کر سکتے جو اس خاندان کے دل میں موجود ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ کی جانب سے عظیم اجر پر یقین رکھتے ہیں، اس صبر کے بدلے میں جو آپ نے کیا، اور اس بات پر کہ آپ نے اپنی بیٹیوں کو اللہ کے بندے سمجھا۔ ہمیں یقین ہے کہ ان تین بچیوں کا حصہ جنت میں زیادہ اور بہتر ہے اور ہمارے پروردگار کے نزدیک ان کا مقام بہت بلند ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ یہ مقابلے ہر سال رمضان المبارک میں حفاظِ قرآن کی تکریم کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں اور یہ کسی خاص تنظیم یا ادارے سے وابستہ نہیں ہوتے بلکہ گاؤں کے لوگوں کی جانب سے خودجوش طور پر منعقد کیے جاتے ہیں۔
محمد العربی نے مزید بتایا کہ ان مقابلوں میں قیمتی انعامات بھی رکھے گئے ہیں، جن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والوں کے لیے عمرہ کا سفر بھی شامل ہے، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کی تکریمی تقریب رمضان المبارک کے آخری ایام میں منعقد کی جائے گی۔
یہ المناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب تین بہنیں، اہدأ (10 سالہ)، ہدیٰ (8 سالہ) اور مودہ (5 سالہ)، جو سب گاؤں کفر شنوان کی رہائشی تھیں گھر کے غسل خانے میں نہاتے ہوئے گیس کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر شبین الکوم کے تعلیمی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔/
4324626