
ایکنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق، رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کے دفتر کی اطلاع رسانی ویب سائٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے یورپ میں اسلامی انجمنوں کے طلبہ کے انسٹھویں سالانہ اجلاس کے نام اپنے پیغام میں اسی نکتے پر تاکید کی کہ امریکی پالیسی عالمی نظام کے لیے خطرہ ہے۔
رہبرِ معظم انقلاب اسلامی کا پیغام حسبِ ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
اے عزیز جوانو! اس سال تمہارے ملک نے ایمان، اتحاد اور خود اعتمادی کی برکت سے دنیا میں ایک نئی وقعت اور اعتبار حاصل کیا ہے۔ امریکی فوج اور اس کے شرمناک اتحادی کا اس خطے میں شدید حملہ، ایرانِ اسلامی کے نوجوانوں کی بصیرت، شجاعت اور ایثار کے سامنے شکست کھا گیا۔ یہ حقیقت ثابت ہو گئی کہ ایرانی قوم اپنے وسائل اور صلاحیتوں پر بھروسا کرتے ہوئے، ایمان اور عملِ صالح کے سائے میں، فاسد اور ظالم مستکبروں کے مقابل ڈٹ سکتی ہے اور اسلامی اقدار کی دعوت کو پہلے سے کہیں زیادہ بلند آواز کے ساتھ دنیا تک پہنچا سکتی ہے۔
ہمارے بعض سائنس دانوں، کمانڈروں اور عزیز عوام کی شہادت کا گہرا غم بھی بلند حوصلہ ایرانی نوجوانوں کو نہ روک سکا ہے اور نہ آئندہ روک سکے گا۔ ان شہداء کے خاندان خود اس تحریک کے پیش رو ہیں۔
بات جوہری مسئلے یا اس جیسے دیگر عنوانات کی نہیں ہے؛ اصل بات موجودہ عالمی نظامِ ظلم و جبر اور استکباری تسلط کے مقابل کھڑے ہونے اور ایک عادلانہ قومی و بین الاقوامی اسلامی نظام کی طرف رجوع کرنے کی ہے۔ یہی وہ عظیم دعویٰ ہے جس کا پرچم ایرانِ اسلامی نے بلند کیا ہے اور جس نے فاسد اور مفسد زور آوروں کو بے چین کر دیا ہے۔
آپ طلبہ، خصوصاً بیرونِ ملک مقیم طلبہ، اس عظیم ذمہ داری میں ایک اہم حصہ رکھتے ہو۔ اپنے دلوں کو خدا کے سپرد کرو، اپنی صلاحیتوں کو پہچانو اور اپنی انجمنوں کو اسی سمت آگے بڑھاؤ۔
خدا تمہارے ساتھ ہے اور ان شاء اللہ مکمل کامیابی تمہاری منتظر ہے۔
سیّدعلی خامنهای
4325211