
ایکنا نیوز، صدی البلد نیوز کے مطابق، اسلامی مرکز الازہر نے ایک بیان میں شام کے صوبہ حمص میں جمعہ کی نماز کے دوران اللہ کے ایک گھر کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی، جس کے نتیجے میں متعدد شامی شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دہشت گردانہ جرم انسانی جانوں کو نظرانداز کرنے اور عبادت گاہوں و مقدس مقامات کی بے حرمتی کی واضح مثال ہے، اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے مرتکبین دینی، انسانی اور اخلاقی اقدار سے بالکل دور ہیں۔
الازہر نے تاکید کی کہ اس جرم کے مرتکب انسانی جان کی قدر و قیمت سے کھلی بے اعتنائی کے باعث ایسے درندوں میں بدل چکے ہیں جو معاشروں کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔
بیان میں شامی قوم سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شامی عوام سے اپیل کی گئی کہ مختلف مذاہب اور فرقوں کے تنوع کے باوجود، اس گھناؤنی سازش کے مقابلے میں، جو داخلی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے اور افراتفری پھیلانے کے درپے ہے، اپنے اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھیں۔
اسی طرح مصر کے مفتی، نذیر عیاد نے بھی حمص میں مسجد امام علیؑ پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے گھروں کے اندر نمازیوں کو نشانہ بنانا ان مقدس مقامات کی کھلی بے حرمتی ہے اور آسمانی ادیان کی ان تعلیمات کے سراسر خلاف ہے جو انسانی خون کی حرمت اور عبادت گاہوں کے تحفظ پر زور دیتی ہیں۔
گزشتہ شب ایک گروہ، جو خود کو «سرایا انصارالسنة» کہتا ہے، نے حمص کے علاقے وادی الذهب میں مسجد امام علیؑ میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی۔
اس تکفیری گروہ نے شام کی مذہبی اقلیتوں کے خلاف حملے جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔ سرایا انصارالسنة اس سے قبل جون میں دمشق کے ایک چرچ پر حملے کی ذمہ داری بھی قبول کر چکا ہے۔
یہ امر اس وقت سامنے آیا ہے جب خود ساختہ شامی حکومت کے وزیر حمزہ المصطفیٰ نے حمص میں ہونے والی دہشت گرد کارروائی کا ذمہ دار داعش کو قرار دیا تھا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق، جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے اس دہشت گردانہ دھماکے میں آٹھ افراد شہید اور اٹھارہ زخمی ہوئے۔/
4325195