
ایکنا نیوز- صدی البلد نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مصر کے شیخُ القرّاء اور معروف قاری و معالج احمد نعینہ نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو کلپ شائع کیا ہے، جس میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کی ایک مسجد میں ایک خاتون کو اسلام قبول کرنے کے لیے کلمۂ شہادتین کی تلقین کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
مسجد میں موجود بڑی تعداد میں افراد نے اس روح پرور لمحے پر تکبیر کے نعروں کے ساتھ ردِعمل ظاہر کیا، جبکہ اس ویڈیو کلپ کو استاد نعینہ کے چاہنے والوں اور فالوورز کی جانب سے بھرپور تحسین حاصل ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق، احمد نعینہ نے بطور مہمان مصری ٹی وی پروگرام «دولتِ تلاوت» میں شرکت کے دوران پروگرام کے شریکِ مقابلہ عمر علی کو اہم رہنمائی بھی فراہم کی اور اس بات پر زور دیا کہ قرآنِ کریم کی تلاوت کی مسلسل مشق اور دہرائی نہایت ضروری ہے، خصوصاً ان افراد کے لیے جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے مقدس کلام کو حفظ کرنے کی نعمت عطا فرمائی ہے۔
اس مصری قاری و معالج نے کہا کہ صرف قرآن کا حفظ کر لینا کافی نہیں، بلکہ اس کی باقاعدہ تلاوت اور مسلسل مراجعت ضروری ہے تاکہ حفظ میں کمزوری یا آیاتِ قرآنی کے بھول جانے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے اس بات کی بھی تاکید کی کہ روزانہ قرآن کی تلاوت کے لیے ایک مخصوص وقت مقرر کیا جانا چاہیے، اور وضاحت کی کہ کم از کم روزانہ پانچ پارے پڑھنا حافظِ قرآن کو اپنے حفظ کو مضبوط رکھنے اور کتابِ الٰہی سے اپنے تعلق کو گہرا کرنے میں مدد دیتا ہے۔
احمد نعینہ نے قرّاء کو یہ نصیحت بھی کی کہ تلاوت کے آغاز میں آواز کو نرم اور دھیمی رکھیں اور صوتی تاروں پر دباؤ نہ ڈالیں، تاکہ بغیر تھکن اور آواز کی خرابی کے طویل تلاوت ممکن ہو سکے۔
اپنی گفتگو کے اختتام پر انہوں نے عمر علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فروتنی، مسلسل تلاوت، مستقل دہرائی اور کتابِ خدا کا احترام وہ بنیادی اوصاف ہیں جو ہر اس قاری میں ہونے چاہییں جو اپنے مقام کو بلند کرنا اور اپنی تلاوت کو بارگاہِ الٰہی میں مقبول بنانا چاہتا ہے۔/
4326853