ایرانی عوام نے بروقت سڑکوں پر نکل کر ٹرمپ کی سازش ناکام بنادی، شیخ نعیم قاسم

IQNA

ایرانی عوام نے بروقت سڑکوں پر نکل کر ٹرمپ کی سازش ناکام بنادی، شیخ نعیم قاسم

18:42 - January 17, 2026
خبر کا کوڈ: 3519797
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا ہے ایران مقاومت اور آزادی کا قلعہ ہے، ایرانی عوام نے بروقت سڑکوں پر نکل کر ٹرمپ کی سازش ناکام بنادی۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد آزاد ملک کی حیثیت حاصل کی اور اسرائیل کے خلاف مقاومت کا نمونہ بن گیا ہے۔

عید مبعث رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران کی موجودہ اقتصادی مشکلات کو بہانہ بناتے ہوئے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے فسادات کرایے لیکن ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود کامیاب نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران کی آزادی کا خواہاں نہیں بلکہ اس کو اپنے کنٹرول میں لینا چاہتا ہے تاہم ایرانی عوام نے بروقت لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر ریلیاں نکال کر امریکی سازش ناکام بنادی۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ہم رہبر معظم انقلاب، ایران اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ ایران اللہ کے فضل سے حسب سابق مقاومت اور آزادی کا نمونہ اور دنیا کے مستضعفین کا مددگار رہے گا۔

حزب اللہ کے سربراہ نے لبنانی وزیر خارجہ کے موقف کو حکومتی پالیسی کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر مقاومت نہ رہے تو لبنان میں کسی کو بھی امان نہیں ملے گا۔ مقاومت کے ہتھیار امریکہ اور اسرائیل کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں اس لئے مقاومت کو غیر مسلح کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔ مسلح مقاومت کی موجودگی میں اسرائیل آبادکاری کا سلسلہ جاری نہیں رکھ سکتا۔

Mehrnews

نظرات بینندگان
captcha