
ایکنا نیوز- نیوز ویب mohesr.gov کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عراق کے وزیرِاعظم محمد شیاع السودانی نے بغداد یونیورسٹی میں یومِ ملی قرآن کے مرکزی جشن اور عیدِ مبعث کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ عراقی عوام اس لیے شدید ترین خطرات اور مصائب پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں کہ قرآنِ کریم ان کے دلوں اور سینوں میں رچا بسا ہوا ہے۔
اس موقع پر عراق کے وزیرِ اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق نعیم العبودی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں، بالخصوص جامعات، کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی اقدار اور قرآنی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں مستقل کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزارتِ اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق گزشتہ ڈھائی برس سے قرآن کے حافظ طلبہ کے لیے جامعات میں داخلے کا ایک خصوصی چینل قائم کیے ہوئے ہے اور ان کی تعلیمی فیس میں کمی کی گئی ہے، جس کا مقصد قرآنِ کریم کے مقام کو بلند کرنا، اعتدال کی ثقافت کو فروغ دینا اور دنیا میں تشدد و نفرت کو ہوا دینے والی تحریکوں کا مقابلہ کرنا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ عراق کی کابینہ نے عالمی یومِ قرآنِ کریم کی بڑی مہم کے تناظر میں ایک اجلاس کے دوران ماہِ رجب کی ۲۷ تاریخ کو ملک میں "یومِ ملی قرآنِ کریم" کے طور پر نامزد کیا۔
یہ نامگذاری رسولِ اکرم ﷺ کے یومِ مبعث اور واقعۂ اسراء و معراج کی مناسبت سے کی گئی، اور عراق دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے اس دن کو اپنے سالانہ تقویم میں قومی و اسلامی ایام کے حصے کے طور پر باقاعدہ درج کیا ہے۔