ایکنا نیوز- عراقی خبر رساں ادارہ واع کےمطابق، صوبہ نینوا میں عیدِ مبعث کے موقع پر منعقد ہونے والے قومی یومِ قرآن کی تقریبات کے ساتھ ہفتۂ قرآن کا باقاعدہ آغاز ہوا، جس کے دوران مختلف نوعیت کے پروگرام منعقد کیے گئے۔
ریاض سالم جلال، نینوا میں اوقافِ شیعیان کے ادارے کے شعبۂ دینی و فلاحی ادارہ جات کے تحت علومِ قرآن یونٹ کے ذمہ دار نے اس حوالے سے بتایا کہ اس ادارے نے یومِ قومی قرآنِ کریم کی مناسبت سے، جو 27 رجب کے مطابق تھا، متعدد قرآنی محافل کا اہتمام کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان محافل میں، جو معاشرے میں قرآنی ثقافت کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقد کی گئیں، عراق کے قومی سطح کے بڑی تعداد میں مؤذنین اور قراء نے شرکت کی۔
جامع مسجد المصطفیٰ کے قاری و مؤذن عباس الیاس طاہا نے کہا کہ یہ محافل نینوا میں نمایاں قرآنی صلاحیتوں کی شناخت کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہیں۔
عراقی قاری انور مصطفیٰ احمد نے بھی اس بات پر زور دیا کہ یہ موقع کتابِ خدا اور سنتِ نبویؐ کے ساتھ تجدیدِ عہد اور قرآن کے دسترخوان پر تمام عراقیوں کے اجتماع کا ایک بہترین موقع ہے۔
نینوا میں اوقافِ شیعیان کے ادارے نے اعلان کیا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے میں قرآنی ثقافت کے فروغ، نوجوانوں میں تلاوتِ قرآن کے میدان میں صلاحیتوں کی دریافت اور ان کی سرپرستی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
عراقی حکومت کی کابینہ نے عالمی یومِ قرآنِ کریم کی عظیم مہم کے تحت منعقدہ ایک اجلاس میں 27 رجب کو اس ملک میں "یومِ قومی قرآنِ کریم" کے طور پر نامزد کیا ہے۔
یہ نامگذاری رسولِ اکرم ﷺ کے مبعث اور واقعۂ اسراء و معراج کی یاد میں کی گئی، اور عراق دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے اس دن کو اپنے سالانہ تقویم میں قومی و اسلامی ایام کے حصے کے طور پر باقاعدہ درج کیا ہے۔