
ایکنا نیوز- اناطولی عربی نیوز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام ترکیہ کی عوامی سوچ میں بیت المقدس کے روحانی اور علامتی پہلو کو زندہ رکھنے اور فلسطینی کاز کے ساتھ واضح یکجہتی کا پیغام پہنچانے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔
طرابزون (ترابزون) کی بلدیہ نے ضلع اورتاحصار میں واقع مسجد اور کمپلیکس «حنیفہ خاتون» کے قریب مسجد الاقصیٰ کا ماڈل نصب کر دیا ہے، جس کی باضابطہ افتتاحی تقریب تقریباً دو ماہ بعد منعقد کی جائے گی اور اسے عوام کے لیے نمائش پر رکھا جائے گا۔
ترکیہ میں مسجد الاقصیٰ کے ماڈل کی نمائش کوئی نیا عمل نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی ترک خوش ذوق فنکار دوغان خطاط اوغلو کی تیار کردہ مٹی سے بنی مسجد الاقصیٰ کی ماڈل، واقعۂ اسراء و معراجِ رسول اکرم ﷺ کی سالگرہ کے موقع پر ترکیہ کے شہر ارزروم کی ایک مسجد میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنی تھی۔
یہ فنکار اب تک 40 زیارتی اور مقدس مقامات کے ماڈل تیار کر چکا ہے، جن میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے ماڈلز بھی شامل ہیں۔
مسلمانوں کے اولین قبلہ کے ماڈل کی تیاری کے حوالے سے اس ترک فنکار کا کہنا ہے: میں نے یہ ماڈل اس مٹی کا استعمال کرتے ہوئے بنایا جو میں بیت المقدس سے لایا تھا۔ تاہم قدسِ شریف سے مٹی لانا آسان کام نہیں تھا، کیونکہ صہیونی فوجیوں نے ہمیں اس کام سے روکنے کی کوشش کی اور بار بار پوچھ گچھ کا نشانہ بنایا۔ لیکن تمام مشکلات کے باوجود ہم بالآخر قدسِ شریف سے کچھ مٹی لانے میں کامیاب ہو گئے۔