رہبرِ انقلاب اور اسلامی فکر کے دفاع کے لیے آخری قطرۂ خون تک تیار ہیں

IQNA

رہبرِ انقلاب اور اسلامی فکر کے دفاع کے لیے آخری قطرۂ خون تک تیار ہیں

13:37 - January 21, 2026
خبر کا کوڈ: 3519816
دنیا بھر میں لاکھوں مخلص افراد رہبرِ انقلاب اور اسلامی فکر کے دفاع کے لیے آخری قطرۂ خون تک تیار ہیں، اور یہ عزم پوری امتِ اسلامیہ میں گونج رہا ہے

قم المقدسہ میں جامعۃ المصطفیٰ(ص) کے 31ویں بین الاقوامی قرآنی و حدیثی فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں قرآنِ کریم کے فہم کے حوالے سے افراط و تفریط پائی جاتی رہی ہے، جس کے باعث فردی اور اجتماعی زندگی میں اس کی حقیقی رہنمائی سے لوگ محروم ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ صرف قرآن کو اہل بیتؑ سے جدا کرنا یا صرف حدیث کو بنیاد بنا کر قرآن کو نظر انداز کرنا دونوں ہی گمراہ کن نظریات ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ قرآن اور اہل بیتؑ، یعنی ثقلین، ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں بلکہ ایک دوسرے کے متمم ہیں اور یہی امتِ مسلمہ کی نجات اور سعادت کا واحد راستہ ہیں۔ آیت اللہ اعرافی کے مطابق سنتِ رسولؐ کا تسلسل اہل بیتؑ کی سیرت اور تعلیمات میں نمایاں ہے، جسے نظر انداز کرنا درست نہیں۔

سربراہ حوزہ ہائے علمیہ ایران نے کہا کہ قرآنِ کریم ہر قسم کی تحریف سے محفوظ ہے اور اسلامی فکر کی بنیاد ہے۔ انہوں نے علامہ طباطبائیؒ کی تفسیر المیزان کو تفسیری تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج بھی قرآن میں ایسے بے شمار معارف موجود ہیں جن پر مزید اجتہادی کام کی ضرورت ہے۔

رہبرِ معظم انقلاب کے قرآنی مقام پر گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ امام خامنہ ای نوجوانی ہی سے قرآن سے گہرا انس رکھتے ہیں، جو فکری، عملی اور میدانی ہر سطح پر نمایاں ہے۔ ان کی تفسیر میں لغوی دقت، فکری گہرائی، تربیتی و نفسیاتی اور تمدنی پہلو یکجا نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہبرِ انقلاب کی شخصیت اس لحاظ سے منفرد ہے کہ وہ علمی گہرائی کے ساتھ عملی جدوجہد کا بھی تجربہ رکھتے ہیں۔ آخر میں انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کسی بھی عالمی حکومت یا گروہ سے قابلِ موازنہ نہیں۔ دنیا بھر میں لاکھوں مخلص افراد رہبرِ انقلاب اور اسلامی فکر کے دفاع کے لیے آخری قطرۂ خون تک تیار ہیں، اور یہ عزم پوری امتِ اسلامیہ میں گونج رہا ہے۔

taghribnews

نظرات بینندگان
captcha