اسکاٹ لینڈ میں مساجد وسیع کا منصوبہ

IQNA

اسکاٹ لینڈ میں مساجد وسیع کا منصوبہ

10:36 - January 26, 2026
خبر کا کوڈ: 3519834
گلاسکو سٹی کونسل کے منصوبے کے مطابق مسجدوں کو وسیع کرنے کا منصوبہ منظور کرایا گیا ہے۔

ایکنا نیوز- اباوٹ اسلام نیوز کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کی سٹی کونسل نے کراس ہِل کے علاقے میں واقع ایک مسجد اور سماجی مرکز کے توسیعی منصوبے کو باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ یہ اقدام مسجد میں عبادت گزاروں کے لیے سہولیات میں بہتری، خدمات کے معیار میں اضافہ اور مقامی برادری میں اس کے کردار اور پائیداری کو مضبوط بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔

کراس ہِل کے ڈکسن اسٹریٹ پر واقع الفاروق اسلامی تعلیمی و سماجی مرکز نے گزشتہ سال عبادت گزاروں اور زائرین کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیشِ نظر اپنی عمارت کی توسیع کے لیے باضابطہ درخواست جمع کرائی تھی۔

گلاسگو سٹی کونسل کی منصوبہ بندی کمیٹی نے اس تجویز کی حتمی منظوری دیتے ہوئے مسجد کی سہولیات کے توسیعی منصوبے کے تحت ایک نئی یک منزلہ اضافی عمارت تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس نئے حصے میں خصوصی وضوخانے کی سہولیات شامل ہوں گی، جو بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے اور مرکز کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

منصوبے کے منتظمین نے وضاحت کی کہ یہ توسیع اعلیٰ ترین ڈیزائن معیار کے مطابق اور معیاری تعمیراتی مواد کے استعمال سے کی جائے گی، جبکہ اردگرد کے شہری ماحول کی تاریخی شناخت کا احترام بھی ملحوظ رکھا جائے گا۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ نیا حصہ تعمیراتی لحاظ سے موجودہ عمارت اور اطراف کے علاقے سے ہم آہنگ ہو۔

یہ توسیعی منصوبہ مقامی برادری کی وسیع حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہا، جہاں مسجد سے وابستہ 350 افراد نے اس تجویز کے حق میں ایک عرضداشت پر دستخط کیے۔ گلاسگو سٹی کونسل کے منصوبہ سازوں نے اس منصوبے کو موجودہ عمارت کے لیے ایک موزوں اضافہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے عمارت کے موجودہ استعمال میں بنیادی تبدیلی نہیں آئے گی۔

اجلاس کے دوران منصوبہ بندی کمیٹی نے پارکنگ کے مسئلے پر بھی غور کیا اور اس بات پر زور دیا کہ توسیعی منصوبہ عمارت کے طرزِ استعمال کو تبدیل نہیں کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ عبادت گزاروں کو مسجد تک پیدل آنے یا سائیکل استعمال کرنے کی ترغیب دینے کے لیے سائیکل پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔

اجلاس کے اختتام پر سٹی کونسل نے منصوبہ بندی حکام کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے الفاروق اسلامی تعلیمی و سماجی مرکز کو اس توسیعی منصوبے پر عمل درآمد کی اجازت دے دی۔ اس اقدام سے نہ صرف مرکز کے مذہبی اور سماجی کردار کا تحفظ ہوگا بلکہ مسلم برادری کی خدمت کے لیے اس کی سہولیات میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔

نظرات بینندگان
captcha