
انہوں نے بیروت میں ہونے والے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے زور دیکر کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کے حوصلہ افزا رہبر امام سید علی خامنہ ای کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم رہبر انقلاب اسلامی کو امام معصوم کا نائب اور ولی فقیہ سمجھتے ہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جب ٹرمپ امام خامنہ ای کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے ان کے لیے دھمکی آمیز الفاظ استعمال کرتا ہے تو در حقیقت یہ حرکت رہبر انقلاب اسلامی کے کروڑوں پیروکاروں کو دھمکی کے مترادف ہے اور ایسے خطرے کا پوری تیاری اور پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا کیونکہ امام خامنہ ای کو پہنچنے والا کوئی بھی نقصان، خطے اور پوری دنیا کے استحکام اور صورتحال کو تباہ کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے حامی اور عقیدتمند پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی اور ایران کو دھمکی، حزب اللہ کو دھمکی سمجھا جائے گا اور مناسب ردعمل ظاہر کرنے کے لیے حزب اللہ کو مکمل اختیار بھی حاصل ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ آج سے نہیں بلکہ سن 1979 سے ایران کا دشمن ہے اور دشمنی میں کوئی کسر بھی نہیں چھوڑی ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ واشنگٹن اسلامی جمہوریہ ایران کو ایک آزاد اور خودمختار ملک جو مسلمانوں اور دنیا کے پسماندہ رکھے گئے عوام کے لیے نمونہ عمل بن گیا ہے، برداشت نہیں کرپا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران پر کسی بھی قسم کی جارحیت ہوئی تو حزب اللہ غیرجانبدار نہیں رہے گا اور دشمنوں کو اپنے اہداف حاصل کرنے نہیں دے گا۔
IRNA