ایکنا نیوز- جیو نیوز- یونیورسٹی روڈ پرجماعت اسلامی کراچی کے زیراہتمام ہونے والے شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ آلہ وسلم ملین مارچ میں مردوں اورخواتین کے علاوہ بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نیپا چورنگی سے حسن اسکوائر پہنچے جہاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبی کریم رحمت اللعالمین ہیں ۔انھوں نے ہی دنیا کو انسانیت اورامن وسلامتی کادرس دیا۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی نبی کےغلاموں کا شہر ہے۔ناموس رسالت صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کے مسئلے پر پوری امت مسلمہ یکجا ہے، دنیابھر میں تحریک حرمت رسول کو متحرک کردیا گیا ہے۔انھوں نے واضح کیا کہ محبت رسول اکرم مسلمانوں کی معراج ہے۔ ناموس رسالت کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے کروڑوں مسلمان نکل سکتے ہیں۔ سراج الحق نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے او آئی سی کا اجلاس بلوائیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے مغرب کو پیغام دیں کہ امت مسلمہ نبی کریم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتی۔مارچ میں مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف ، جے یوپی اور جے یوآئی،شیعہ علماء کونسل اور صدر کراچی بار ایسوسی ایشن سمیت دیگر جماعتوں کےقائدین بھی شریک ہوئے۔اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔علاو ہ ازیں جماعت اسلامی کے تحت گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف ملین مارچ ہوا جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔مارچ میں شریک نھنے منے بچوں نے بھی اپنے جذبات اور عزم اظہار کیا ۔ ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز تھامے ان بچوں کا کہنا تھا کہ وہ حضور اکرم صلی اللہ وعلیہ وآلہ وسلم کی شان گستاخی کسی صورت قبول نہیں کرسکتے۔