ایکنا نیوز- سحرٹی وی-ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے جمعرات کو ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ روس شام میں داعش کے مراکز کو نشانہ نہیں بنا رہا ہے۔ انھوں نے روس سے مطالبہ کیا کہ شام میں فضائی اور میزائلی حملے فوری طور بند کردیئے جائیں۔ ترکی کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام کے بحران کے سیاسی حل کے لئے روس سمیت ہر ملک کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے.
انھوں نے کہا کہ ترکی روس کے ساتھ کشیدگی نہیں چاہتا لیکن اس کا مطالبہ ہے کہ روس ترکی کی فضائی حدود کا احترام کرے ۔
ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے اسی کے ساتھ تیسری عالمی جنگ شروع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ مشرق وسطی میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے تیسری عالمی جنگ شروع ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے جس کو روکنا ضروری ہے۔
انھوں نے اسی کے ساتھ یہ بھی کہا کہ فی الحال تیسری عالمی جنگ شروع ہونے کا کوئی خاص خطرہ نہیں ہے کیونکہ خوش قسمتی سے ممالک مذاکرات پر قادر اور اس کے لئے آمادہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ترکی کسی بھی ملک سے جنگ نہیں چاہتا۔