فیصل آباد میں مبینہ توہین مذہب کا معاملہ، جڑانوالہ میں متعدد گرجا گھر نذرآتش

IQNA

فیصل آباد میں مبینہ توہین مذہب کا معاملہ، جڑانوالہ میں متعدد گرجا گھر نذرآتش

18:42 - August 16, 2023
خبر کا کوڈ: 3514786
ایکنا اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں توہین مذہب کے الزمات لگا کر متعدد گرجا گھروں کو توڑ پھوڑ کے بعد نذر آتش کردیا گیا۔

ایکنا نیوز- پاکستانی میڈٰیا کے مطابق تحصیل جڑانوالہ کے پادری عمران بھٹی نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ عیسیٰ نگری میں واقع سیلویشن آرمی چرچ، یونائیٹڈ پریس بیٹیرین چرچ اور شہرون والاچرچ میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ عیسائی جس پر توہین مذہب کا الزام عائد کیا گیا ہے، اس کے گھر کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا، پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295 (بی) اور 295 (سی) کے تحت ملزم کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی ہے۔

حکام نے بتایا کہ امن کمیٹوں کے ساتھ رابطے قائم کر کے صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور صوبے بھر میں پولیس کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

عثمان انور نے مزید بتایا کہ عیسائی برادی سے تعلق رکھنے والے علاقے کے اسسٹنٹ کمشنر کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے کیونکہ لوگ ان کے خلاف ہو گئے تھے۔

تاہم عیسائی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں چرچ آف پاکستان کے صدر بشپ آزاد مارشل نے کہا کہ بائبل کی بے حرمتی کی گئی ہے اور قرآن شریف کی بے حرمتی کے جھوٹے الزامات عائد کرکے عیسائیوں پر تشدد اور انہیں ہراساں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انصاف کے لیے دُہائی دے رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کارروائی اور انصاف فراہم کرنے والوں سے تمام شہریوں کی حفاظت کے لیے فوری طور پر مداخلت کرنے کا مطالبہ اور یہ یقین دہانی چاہتے ہیں کہ ہماری جانیں ہماری اس سرزمین پر قیمتی ہیں جس نے ابھی آزادی کی تقریبات منائی ہیں۔

بشپ آزاد مارشل نے مزید کہا کہ تمام پادری، بشپس اور لوگ اس واقعے پر نہایت غمگین اور تکلیف میں ہیں۔

نگران وزیر اعظم و دیگر کا اظہار مذمت

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ جڑانوالہ سے آنے والے مناظر دیکھ کر میں ہل گیا ہوں، قانون کی خلاف ورزی اور اقلیتوں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

مذہبی رہنماؤں نے جڑانوالہ کا دورہ کیا، طاہر اشرفی

ادھر پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے مذہبی رہنماؤں نے جڑانوالہ کا دورہ کیا۔

پاکستان علما کونسل اور عالمی بین المذاہب ہم آہنگی کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صورتحال پر قابو پانے اور افہام و تفہیم کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے مذہبی رہنما عوام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان علما کونسل اور عالمی بین المذاہب ہم آہنگی کونسل کی قیادت نے تمام برادریوں کی عبادت گاہوں اور رہائش گاہوں کی حفاظت کی مشترکہ ذمہ داری پر زور دیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ مذہبی مقامات کی حفاظت ناصرف مسلمانوں بلکہ یہ ریاست کی ذمہ داری بھی ہے۔

نظرات بینندگان
captcha