ایکنا نیوز، اسلامی ثقافت و تعلقات تنظیم کے شعبۂ تعلقات عامہ اور اطلاعات کے مطابق، اس قرآنی محفل کا انعقاد ایران کے ثقافتی مشن برائے انڈونیشیا، مسجد الامجد، صوبہ بانتن کے شہر تنگرنگ میں مسجد الامجد اور مقامی قرآنی اداروں کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔ اس تقریب کے مقررین نے تمام قرآنی اداروں پر زور دیا کہ وہ تعلیمی اور تبلیغی پروگراموں کو فروغ دے کر مسلمانوں کی معاشرتی زندگی میں قرآن کے کردار کو مزید مستحکم کریں۔
اس بابرکت تقریب کے آغاز میں، ایران کے قرآنی سفیر، حامد شاکرنژاد نے اسلامی معاشرے میں قرآن کی تلاوت اور اس کے حفظ کی اہمیت پر زور دیا اور اس میدان میں انڈونیشیا کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
اس بین الاقوامی قاری نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک کے روحانی ماحول سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے تعلق کو قرآن سے مزید مضبوط کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ معاشرے کے تمام طبقات کو رمضان کے تقدس کا بھرپور خیال رکھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآنی سفارت کاری، خاص طور پر اسلامی ممالک جیسے ایران اور انڈونیشیا میں، قوموں کے درمیان ہمدلی پیدا کرنے اور دلوں کو قریب لانے میں ایک کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
شاکرنژاد نے کہا کہ اسلامی ثقافت و تعلقات تنظیم نے مشترکہ قرآنی محافل جیسے پروگراموں کے ذریعے انڈونیشیا میں قرآنی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
ایران کے قرآنی سفیر نے مزید کہا کہ دشمنانِ اسلام ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کا محافظ رہا ہے اور وہ اپنے تعلقات کو باہمی احترام اور ثقافتی و دینی تعاون کی بنیاد پر تمام ممالک کے ساتھ فروغ دیتا ہے۔/
4272689