ایکنا نیوز- روسیا الیوم نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ پچھلے دو سالوں میں بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد دوگنا ہو گئی ہے، جو سعودی حکام کی جانب سے داخلے کے مراحل کو آسان بنانے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
الربیعہ نے مزید کہا کہ عمرہ زائرین کی تعداد 2022 میں 8.4 ملین سے بڑھ کر 2024 میں 16.9 ملین تک پہنچ گئی ہے، اور وزارت حج نے زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے کئی تاریخی اور ثقافتی مقامات کو ترقی دینے کی کوششیں کی ہیں۔
وزیر حج نے وضاحت کی کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 15 سے زائد مقامات کو ترقی دی گئی ہے، جس سے زائرین کے لیے دستیاب مقامات کی مجموعی تعداد 55 تک پہنچ گئی ہے۔
الربیعہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسجد نبوی ﷺ کی توسیعی منصوبے نے زائرین کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے، اور 2024 میں مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کرنے والوں کی تعداد تقریباً 13 ملین تک پہنچ گئی ہے۔
اسی سلسلے میں، سعودی عرب میں حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کے منتظمین نے سعودی وژن 2030 کے تحت حرمین شریفین کے زائرین کی تعداد بڑھانے کے مقصد کو حاصل کرنے کی کوششوں کے تحت اس بڑی تعداد میں زائرین کی آمد کو ممکن بنایا۔
جنرل پریذیڈنسی نے مزید کہا کہ زائرین کی موجودگی کا تجزیہ کرنے اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے لیے بہترین اوقات کا تعین کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، اور مختلف زبانوں میں رہنمائی کے بورڈز ضرورت کے مطابق نصب کیے گئے ہیں۔ نیز، بزرگوں اور معذور افراد کو مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے دوران خصوصی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔/
4278479