ایکنا نیوز کے مطابق، ادارہ ثقافت و تعلقات اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے اطلاع دی ہے کہ حجۃ الاسلام والمسلمین ایمانیپور، نے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے رکن ممالک کے وزرائے ثقافت کے اجلاس، جو شہر "کازان" میں منعقد ہوا، میں اپنی تقریر کے دوران ثقافتی مکالمے کو مضبوط بنانے اور عالمی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اداروں کے قیام پر زور دیا۔
انہوں نے اسلامی ممالک کے اعلیٰ سطحی حکام کے ساتھ اس اجلاس میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس کے موضوع کے انتخاب پر شکریہ ادا کیا اور کہا: "آج ہمیں پہلے سے بڑھ کر حکومتوں اور اقوام، بالخصوص اسلامی ممالک کے درمیان تعمیری مکالمے کی ضرورت ہے۔"
سربراہ ادارہ ثقافت و تعلقات اسلامی نے دنیا میں تیز رفتار تبدیلیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "موجودہ حالات میں، جب دنیا ایک تاریخی موڑ سے گزر رہی ہے، تو انسانی حقوق، اچھی حکمرانی، نوجوانوں کی تعلیم، طرز زندگی، خاندانی نظام، انسانی تہذیب کا مستقبل اور نئی ٹیکنالوجیز جیسے کہ مصنوعی ذہانت جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لیے باقاعدہ مکالمے ایک ناگزیر ضرورت بن چکے ہیں۔"
انہوں نے بین الاقوامی اداروں کی موجودہ بحرانوں، خصوصاً غزہ کے مظلوم عوام کی حالت زار کے حوالے سے ناکامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا: "فلسطین میں نسل کشی اور کھلی جارحیت کے مقابلے میں ان اداروں کی بے عملی نے آزاد انسانوں کے دکھ اور غصے کو بڑھا دیا ہے۔ مسئلہ فلسطین، جو عالم اسلام کا اولین مسئلہ ہے، کے حل میں اسلامی تعاون تنظیم کا زیادہ فعال ہونا بے حد اہم ہے۔"
ملک کی ثقافتی سفارت کاری کے سربراہ نے اسلامی ممالک کے مابین نئے اتحادوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: "فلسطین کے مسئلے کا حل مسلم ممالک کے درمیان باہمی اتحاد اور مشترکہ اقدام میں پوشیدہ ہے۔ امتِ واحدہ اسلامی کا قیام ہی بین الاقوامی تعلقات میں یکطرفہ رویوں سے نجات کا واحد راستہ ہے۔"
آخر میں انہوں نے روسی فیڈریشن کی حکومت، بالخصوص وزارتِ ثقافت اور شہر کازان کے حکام کا شایانِ شان اور گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ثقافتی مکالمے کی توسیع، عالم اسلام کے روشن مستقبل کے لیے ایک واضح راستہ فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے ثقافت کا چودھواں اجلاس "ثقافتی مکالمہ، کثیر قطبی دنیا میں شناخت اور تنوع کے تحفظ کی بنیاد" کے عنوان کے تحت کازان، جو 2025 میں عالم اسلام کا ثقافتی دارالحکومت قرار پایا ہے، میں روسی فیڈریشن کی وزیرِ ثقافت، اولگا لوبیماوا کی موجودگی میں منعقد ہو رہا ہے۔/
4282646