ایکنا نیوز ایجنسی نے وزارت علوم کے شعبہ تعلقات عامہ کے حوالے سے بتایا کہ یہ اجلاس اسلامی ممالک کے درمیان سائنسی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون، بالخصوص مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے حوالے سے فروغ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
اس بین الاقوامی اجلاس میں، جس میں 20 سے زائد اسلامی ممالک کے نمائندگان کی شرکت متوقع ہے، مصنوعی ذہانت کے میدان میں پہلا کثیرالملکی (Multilateral) دستاویز پیش کیا جائے گا اور اس پر تبادلہ خیال اور منظوری متوقع ہے۔ اس دستاویز کا مقصد اسلامی دنیا میں تعلیمی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے روابط کو مضبوط بنانا، مصنوعی ذہانت کے مقامی وسائل کی ترقی اور مشترکہ مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے۔
اجلاس کے پہلے روز ماہرین اور سائنسدانوں کی شرکت سے تخصصی نشستیں منعقد ہوں گی جن میں اسلامی دنیا میں سائنسی و ٹیکنالوجی ترقی، حاصل شدہ کامیابیوں اور درپیش چیلنجز پر گفتگو کی جائے گی۔
دوسرے روز، اسلامی ممالک کے وزرائے اعلیٰ تعلیم اور اعلیٰ حکام باہمی اسٹریٹجک وژن پر بات چیت کریں گے۔
ایران کی وزارت علوم، تحقیقات و ٹیکنالوجی کی جانب سے اس اجلاس کی میزبانی، نہ صرف اسلامی دنیا میں مصنوعی ذہانت کے مستقبل کے خاکے کے تعین کا ایک اسٹریٹجک موقع ہے بلکہ ایران کی سائنسی و ٹیکنالوجی سفارت کاری کو تقویت دینے کا ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔
یہ اجلاس تجربات کے تبادلے، ٹیکنالوجی کی منتقلی، جامعہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور اسلامی دنیا کے ممتاز ممالک کی سائنسی و تحقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک موزوں پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جو اسلامی دنیا کو درپیش سائنسی، تعلیمی اور ٹیکنالوجی چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ہوگا۔/
4283109