دبئی بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کے جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان

IQNA

دبئی بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کے جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان

12:26 - March 07, 2026
خبر کا کوڈ: 3520056
دبئی میں اٹھائیسویں بین الاقوامی مقابلۂ قرأت کے فاتحین کے ناموں کا اعلان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

ایکنا نیوز کے مطابق دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور امارت کے متعدد اعلیٰ حکام نے ایک تقریب میں دبئی کے مقابلۂ قرأتِ قرآن کے ممتاز شرکاء کو اعزازات سے نوازا۔

شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اٹھائیسویں دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ میں شرکاء کے درمیان اعلیٰ سطح کے مقابلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم قرآنی میدان کے ممتاز افراد کی تکریم کر رہے ہیں۔ اس بابرکت مہینے کی برکتیں کتابِ خدا کی تعظیم کے ذریعے مکمل ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ اہلِ قرآن کی تکریم دراصل علم اور فضیلت کی تکریم ہے، اور کتابِ خدا کی خدمت ہمارے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔

مردوں کے مقابلے میں عبدالله فیصل البطب (کویت)، کرار لیث سعد (عراق) اور عمر علی عوض (مصر) نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح خواتین کے مقابلے میں عائشہ الرمی (انڈونیشیا)، جنا ایہاب محمد رمضان (مصر) اور سارہ عبدالكریم الحلاق (شام) نے نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔

امارات کی خبر رساں ایجنسی WAM کے مطابق اس سال دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کے لیے 105 ممالک سے 5618 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں تقریباً 30 فیصد خواتین تھیں۔ اس سال پہلی مرتبہ خواتین کے لیے ایک خصوصی شعبہ بھی قائم کیا گیا۔

دبئی کے محکمہ امورِ اسلامی و فلاحی سرگرمیوں کے ڈائریکٹر جنرل اور دبئی انٹرنیشنل قرآن ایوارڈ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین احمد درویش المہیری نے بتایا کہ اٹھائیسویں دور میں شرکت کا نیا طریقہ کار متعارف کرایا گیا، جس میں براہِ راست درخواست، نیا نظامِ ججنگ اور مجموعی انعامی رقم میں اضافہ شامل ہے، جو 12 ملین درہم سے زیادہ تک پہنچ گئی ہے۔ مردوں اور خواتین کے دونوں شعبوں میں اول آنے والے قاری کو ایک ایک ملین امریکی ڈالر انعام دیا گیا۔

اس ایوارڈ کے قائم مقام ڈائریکٹر ابراہیم جاسم المنصوری نے کہا کہ جیوری نے انتہائی دقیق اور غیر جانبدارانہ طریقہ کار کے مطابق فیصلے کیے۔ ان کے مطابق تمام موصول ہونے والی تلاوتوں کا تجوید کے قواعد پر عبور اور مجموعی معیار کی بنیاد پر باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

شرکاء کی تعداد کے لحاظ سے بنگلہ دیش 81 امیدواروں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، اس کے بعد پاکستان (48)، انڈونیشیا (45)، مصر (35)، بھارت (27)، لیبیا (24)، امریکہ (20) جبکہ موریتانیہ اور یمن 13، 13 امیدواروں کے ساتھ شامل تھے۔

واضح رہے کہ دبئی انٹرنیشنل قرآن کریم ایوارڈ کا آغاز 1997 میں کیا گیا تھا اور تب سے یہ دنیا کے معروف ترین بین الاقوامی مقابلۂ قرأتِ قرآن میں شمار ہوتا ہے۔

4338602

نظرات بینندگان
captcha