عمان کی بین الاقوامی کانفرنس میں قرآنی انسان سازی پر تاکید

IQNA

عمان کی بین الاقوامی کانفرنس میں قرآنی انسان سازی پر تاکید

14:39 - April 24, 2026
خبر کا کوڈ: 3520147
بین الاقوامی قرآنی کانفرنس کے پہلے دن کے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمان موجودہ دور میں قرآن کریم کی انسان سازی کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

ایکنا نیوز- ٹائمز آف عمان نیوز کے مطابق بین الاقوامی کانفرنس "قرآن اور انسان سازی" گزشتہ روز عمان کے دارالحکومت مسقط میں شروع ہوئی۔

یہ دو روزہ کانفرنس اس مقصد کے تحت منعقد کی جا رہی ہے کہ قرآن کریم کے فکری و اخلاقی ارتقاء میں کردار اور ایک ایسے انسانی مستقبل کی تشکیل میں اس کی صلاحیت کا جائزہ لیا جائے جو تعلیم، اقدار اور شناخت پر مبنی ہو۔

اس کانفرنس میں عمان کے اندر اور باہر سے قرآنی علوم اور فقہ اسلامی کے متعدد ماہرین شریک ہیں، اور یہ مسقط کی “سلطان قابوس” یونیورسٹی میں منعقد ہو رہی ہے۔

کانفرنس کے پہلے دن عمان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حمد الخلیلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ کا سب سے عظیم واقعہ اس مقدس کتاب کا نزول ہے، جس نے انسانوں کے اذہان کو بیدار کیا اور ان کی زندگی کے راستے کو روشن بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کریم، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے اسے بیان کیا ہے، "ہدایتِ بشر اور واضح دلیلِ ہدایت و فرقان” ہے، اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: “بے شک یہ قرآن اس راستے کی طرف رہنمائی کرتا ہے جو سب سے زیادہ درست ہے” اور یہ بھی فرمایا: “اور ہم قرآن میں وہ کچھ نازل کرتے ہیں جو مؤمنوں کے لیے شفا اور رحمت ہے۔"

مفتی اعظم عمان نے مسلمانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانیت کے لیے نمونہ بنیں اور قرآن میں گہرائی کے ساتھ غور و فکر کریں تاکہ ان حقائق کو دریافت کر سکیں جو ابھی تک پردۂ ابہام میں ہیں۔

اسی طرح عمان کے اوقاف فاؤنڈیشن “امام جابر بن زید” کے بورڈ کے چیئرمین خلیل بن احمد الخلیلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد قرآن کے انسان کی نشوونما اور اس کے خالق کے ساتھ تعلق پر اثر کو اجاگر کرنا ہے، تاکہ انسان زمین پر اپنی ذمہ داری کو بہتر طور پر ادا کرنے کے قابل بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی انسانیت اب بھی وحی الٰہی سے دور فکری رویّوں کے درمیان بھٹک رہی ہے اور اضطراب کا شکار ہے۔ بلا شبہ اس پریشان کن صورتحال سے نکلنے کا راستہ قرآنی رہنمائی کی طرف واپسی ہے، جو روح اور جسم کے درمیان توازن قائم کرتی ہے، انسانی وقار کو محفوظ رکھتی ہے اور امت کو مضبوط بناتی ہے۔

اس کانفرنس کے مرکزی اجلاس میں، جس کا موضوع “قرآن اور انسان سازی” تھا، قرآن کریم کو انسانی فکر کی تشکیل اور علم و اقدار کے درمیان تعلق کو منظم کرنے کے لیے ایک اعلیٰ ترین مرجع قرار دیا گیا، اور مقررین نے مسلمانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلامی افکار میں اتحاد پیدا کرنے اور فکری اختلافات پر قابو پانے کے لیے قرآن کے استعمال پر نظرثانی کریں۔

کانفرنس کے پہلے دن، جو “امام جابر بن زید” اوقاف فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہو رہی ہے، پانچ تحقیقی مقالات پیش کیے گئے، جن میں مقررین نے قرآن کریم کو انسانی ترقی اور تہذیب کے بنیادی ماخذ کے طور پر بیان کیا۔

نظرات بینندگان
captcha