ترکی میں گیارویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا آغاز

IQNA

ترکی میں گیارویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا آغاز

14:45 - April 24, 2026
خبر کا کوڈ: 3520149
ترکی میں قرآن کریم کی تلاوت اور حفظ کے گیارہویں بین الاقوامی مقابلے شہر دیاربکر میں شروع ہو چکے ہیں۔

ایکنا نیوز- خبررساں ویب سائٹ  الخا کے مطابق ترکی میں قرآن کریم کی تلاوت اور حفظ کے گیارہویں بین الاقوامی مقابلوں کا آغاز پیر، 20 اپریل 2026 کو دیاربکر میں 36 ممالک سے تعلق رکھنے والے 44 شرکاء کی موجودگی میں ہوا۔

یہ پروگرام دیاربکر کے مرکز میں واقع ینی شہر کے علاقے میں "صلاح‌الدین ایوبی" کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اس تقریب میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے حفاظ، قراء اور دیگر مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ان مقابلوں میں مصر، روس، ایران، تاجکستان، ڈنمارک، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور فلسطین سمیت 36 ممالک سے 44 افراد شریک ہیں۔ ان میں سے 12 افراد تلاوتِ قرآن کے شعبے میں جبکہ 32 افراد حفظِ قرآن کے شعبے میں مقابلہ کریں گے۔

اس موقع پر دیاربکر کے مفتی جلال بویوک، ترکی کے ادارہ امورِ دینیہ کے شعبہ قرآن و تلاوت کے سربراہ عثمان ایشین یورک، ترکی کی 29ویں پارلیمنٹ کے اسپیکر مصطفی شنتوپ، ادارہ امورِ دینیہ کے نائب سربراہ حافظ عثمان شاہین، دیاربکر سے جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (AKP) کے رکنِ پارلیمنٹ ساییت یاز اور دیگر شخصیات نے خطاب کیا۔

مقابلوں کے دوران "قرآنی دسترخوان" کے عنوان سے پروگرام شہر کے چار مرکزی علاقوں کے ساتھ ساتھ بعض دور دراز علاقوں میں بھی منعقد کیے جائیں گے، جن میں مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔

دوسری جانب رپورٹ کے مطابق ان مقابلوں کی اختتامی تقریب اور انعامات کی تقسیم انقرہ میں صدارتی کمپلیکس میں 29 اپریل کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے منعقد ہوگی، جس میں ملک کے صدر رجب طیب اردوان شرکت کریں گے۔

ترکی کی 29ویں پارلیمنٹ کے اسپیکر مصطفی شنتوپ نے اپنے خطاب میں قرآن کریم کے حفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً ہر خاندان میں کم از کم ایک حافظ قرآن موجود ہوتا ہے اور حفظِ قرآن ایک عظیم اور باعزت مقام رکھتا ہے۔

اسی طرح ادارہ امورِ دینیہ کے نائب سربراہ حافظ عثمان شاہین نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی تلاوت، حفظ اور اس کو سننا عبادت ہے، جبکہ اس کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنا اصل مقصد ہے۔ انہوں نے زندگی میں قرآن کے عملی نفاذ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مزید برآں دیاربکر کے گورنر مراد زولوغلو نے شہر کی تاریخی اور مذہبی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دیاربکر اس خطے کی اہم اسلامی علامتوں میں سے ایک ہے، کیونکہ یہ صحابۂ کرامؓ کے آثار کا حامل ہے اور اناطولیہ کے لیے ایک اہم روحانی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر ایسے پروگرام کی میزبانی کر رہا ہے جو اخوت اور مشترکہ اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔

4347832

نظرات بینندگان
captcha