مکہ کے قرآن میوزیم میں نایاب مصحف کی نمائش

IQNA

مکہ کے قرآن میوزیم میں نایاب مصحف کی نمائش

14:43 - April 24, 2026
خبر کا کوڈ: 3520148
مکہ کے عجائب گھر میں قرآن کریم کے ایک آٹھ ضلعی (آٹھ پہلو) نادر مخطوطے کی نمائش نے زائرین کی خاص توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

ایکنا نیوز- الیوم السابع نیوز کے مطابق قرآن میوزیم، جو مکہ کے نمایاں ثقافتی اداروں میں شمار ہوتا ہے، نے ایک نایاب تاریخی قرآن کا منفرد نمونہ پیش کیا ہے۔ یہ قرآن ایک خاص ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے اور اسے تیرہویں صدی ہجری (انیسویں صدی عیسوی) میں ہندوستان میں کتابت کیا گیا تھا۔

یہ قرآن اسلامی فنون کی بھرپور روایت اور تاریخ کے مختلف ادوار میں قرآنی خطاطی کے متنوع اسالیب کی عکاسی کرتا ہے۔

اس قرآن کی خاص بات اس کا غیر معمولی ڈیزائن ہے؛ یہ آٹھ ضلعی شکل میں اور نسبتاً چھوٹے سائز میں تیار کیا گیا ہے، جس سے اسے آسانی سے ساتھ لے جایا جا سکتا ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ اس کی تیاری میں عملی ضرورت اور جمالیاتی حسن دونوں کو یکجا کیا گیا ہے، جو فنکارانہ مہارت اور جدت کا مظہر ہے۔

یہ منفرد ہندسی شکل اس دور میں برصغیر ہند میں جلد سازی (صحافی) اور اسلامی تزئین و آرائش کی ترقی کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

یہ قرآن شاہ فیصل مرکز برائے تحقیقات و اسلامی مطالعات کے مجموعے کا حصہ ہے، جو اسلامی ورثے کے تحفظ اور اسے محققین اور دلچسپی رکھنے والوں کے لیے قابل رسائی بنانے میں سرگرم ایک اہم ادارہ ہے۔ اس اقدام سے ثقافتی آگاہی میں اضافہ اور اسلامی مخطوطات کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ نمائش میوزیم کے اس مشن کا بھی حصہ ہے جس کے تحت ایک جامع تعلیمی تجربہ فراہم کیا جاتا ہے، اور زائرین کو قرآن کریم کی کتابت کی تاریخ اور اس کے فنّی اسالیب کے ارتقاء سے روشناس کرایا جاتا ہے۔ یہ نمائش حرا ثقافتی علاقے میں تیزی سے فروغ پاتے ثقافتی و سیاحتی ماحول کا بھی حصہ ہے، جو مکہ مکرمہ کو اسلامی ثقافت کے عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرتا ہے۔

4347557

نظرات بینندگان
captcha