ایکنا نیوز- سعودی اخبار "الیوم" کی ویب سائٹ کے مطابق افریقی ممالک کے لیے قرآن و سنت کے حفظ کے ان سالانہ مقابلوں کا دوسرا دورہ 6 سے 11 ذیالقعدہ 1447 ہجری قمری کو جمہوریہ سینیگال میں منعقد کیا جائے گا۔
یہ مقابلے سینیگال میں سعودی سفارت خانے کے مذہبی شعبے کی نگرانی میں اور اس ملک کے محکمہ اوقاف کے تعاون سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان کا مقصد افریقہ کے مسلمانوں میں قرآن و سنت کے حفظ کو فروغ دینا، انہیں کتابِ الٰہی کے معانی کو سمجھنے اور اس میں غور و فکر کی ترغیب دینا، اسلامی اقدار کو اجاگر کرنا، نیکی کے کاموں میں صحت مند مسابقت کا جذبہ پیدا کرنا اور اعتدال پسند اسلامی اصولوں سے وابستہ نسل کی تربیت کرنا ہے۔
یہ مقابلے 53 افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے 100 شرکاء کی شرکت سے منعقد ہوں گے اور نسلوں کو قرآن و سنت سے جوڑنے، اعتدال اور توازن کی اقدار کو مضبوط بنانے اور قرآن و علومِ قرآنی میں باصلاحیت افراد کی شناخت کے لیے ایک نمایاں نمونہ تصور کیے جاتے ہیں۔
یہ مقابلے دو حصوں پر مشتمل ہوں گے: پہلا حصہ حفظِ قرآن اور دوسرا حصہ سنتِ نبویؐ کے حفظ سے متعلق ہوگا۔ حفظِ قرآن کے حصے میں چار شعبے شامل ہیں:
پورے قرآن کا حفظ دس قراءات کے مطابق (روایتِ شاطبیہ و الدُرّہ) مع حسنِ تلاوت
پورے قرآن کا حفظ مع حسنِ تلاوت اور درست تجوید، نیز آخری 10 پاروں کی تفسیر (سورہ عنکبوت کی آیت 46 سے سورہ ناس کے اختتام تک)
10 پاروں کا حفظ مع حسنِ تلاوت اور درست تجوید
3 پاروں کا حفظ مع حسنِ قراءت اور درست تجوید
جبکہ مقابلوں کا دوسرا حصہ سنتِ نبویؐ سے متعلق ہے، جس میں تین ذیلی شعبے شامل ہوں گے۔/
4347960