
ایکنا نیوز- مسلمون حول العالم نیوز کے مطابق اس تقریب نے سعودی عرب کے قرآنی منصوبوں کی عالمی موجودگی کو نمایاں کیا۔ خادم الحرمین الشریفین کے تحت منعقدہ قرآنِ کریم اور سنت کے حفظ کے مقابلوں کی ججنگ کمیٹیوں نے دو روزہ مسلسل نشستوں کے دوران 53 ممالک سے تعلق رکھنے والے 100 شرکاء کی تلاوتیں سننے کے بعد اپنا کام مکمل کیا۔
یہ مقابلہ سعودی عرب کی وزارتِ امورِ اسلامی، دعوت و ارشاد کی نگرانی میں منعقد ہوا اور اس میں اعلیٰ سطح کی تنظیم، دقت اور مختلف شعبوں میں شرکاء کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
افریقی ممالک کی وسیع شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ قرآنی مقابلوں میں عالمی دلچسپی بڑھ رہی ہے اور یہ مقابلے نئی نسلوں میں قرآن کے حفظ اور اسلامی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اختتامی تقریب میں سعودی وزیرِ امورِ اسلامی، دعوت و ارشاد شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے آن لائن شرکت کی، جبکہ اس تقریب کو 30 سے زائد سیٹلائٹ چینلز پر نشر کیا گیا۔ ان مقابلوں کے انعامات کی مجموعی مالیت 21 لاکھ سعودی ریال سے تجاوز کر گئی، جو ان اقدامات کی بھرپور سرپرستی کو ظاہر کرتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ مقابلے دو حصوں پر مشتمل تھے جسیں حفظِ قرآنِ کریم اور حفظِ سنتِ نبوی شامل ہیں۔/