
ایکنا نیوز- الکفیل چینل کے مطابق الکفیل میوزیم کے خزائن اور مخطوطات کے میوزیم نے حرمِ مطہرِ عباسی میں ایک منفرد دھاتی نوادر کو اپنے آثار میں شامل کیا ہے۔ یہ کانسی سے تیار کردہ ایک دھاتی ہاتھ ہے جس پر قرآنی آیات کندہ ہیں اور جو دھات کاری کے فن کے علامتی پہلو کو نمایاں کرتا ہے۔
اس نوادر کی لمبائی 12 سینٹی میٹر، چوڑائی 9.5 سینٹی میٹر اور وزن 103 گرام ہے۔ اس پر سنہ 1221 ہجری قمری بھی نقش ہے، جو اس کی تاریخی اہمیت اور فنِ تزئینِ فلزات کے ایک نمایاں دور سے اس کے تعلق کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ دھاتی ہاتھ جیومیٹریائی نقوش اور خطاطی سے مزین ہے، جس پر عبارت «یدُ اللہ فوق أیدیہم، یا محمد، سنہ 1221، یا علی» کندہ ہے۔ اسی طرح چودہ معصومینؑ کے اسمائے گرامی بھی انگلیوں اور ہتھیلی پر نقش کیے گئے ہیں۔ اس کے دوسرے رخ پر آیت الکرسی انگلیوں اور ہتھیلی کے امتداد میں تحریر کی گئی ہے، جو اس کے روحانی اور جمالیاتی پہلوؤں کو نمایاں کرتی ہے۔
یہ نوادر اس باریک بینی اور مہارت کی عکاسی کرتا ہے جو قدیم صنعتگروں نے فنِ دھات کاری میں صرف کی، اور اس میں تزئینی اسالیب کی دقت اور تنوع کو بخوبی دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ قرآنی شاہکار فنِ دھات کاری کو ثقافتی شناخت کے ایک لازمی حصے کے طور پر محفوظ رکھنے اور آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔/
4351126