ایکنا: نائجیریا کی ریاست کادونا میں مسیحی وفد نے مسلمان مبلغ شیخ عثمان محمد میموتا کو قرآن کریم اور اسلامی معارف کی تبلیغ و تعلیم اور ہزاروں نوجوانوں کی تربیت کے شعبے میں پانچ دہائیوں سے زائد خدمات انجام دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
ایکنا نیوز- Daily Struggle نیوز کے مطابق نائجیریا کے معروف مسیحی پادری یوہانا بورو نے مسیحی مذہبی شخصیات کے ایک وفد کے ہمراہ اس مسلمان مبلغ کے مدرسے کا دورہ کیا اور اسلامی تعلیم کے فروغ اور معاشرے کی ترقی میں شیخ عثمان محمد میموتا کی خدمات کے اعتراف میں انہیں تعریفی سند پیش کی۔
بورو نے کہا کہ شیخ عثمان نے 50 سال سے زائد عرصے کے دوران شمالی نائجیریا کے مختلف علاقوں میں بچوں اور نوجوانوں کو قرآن، حدیث، تفسیر، عربی زبان اور دیگر اسلامی علوم کی تعلیم دی ہے۔
مسیحی وفد کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، شیخ عثمان اب تک 10 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تعلیم دے چکے ہیں، جن میں سے بہت سے افراد اس وقت شمالی نائجیریا کے مختلف اسکولوں اور مراکز میں عربی زبان کے اساتذہ، اسلامی علما اور مدرسین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
بورو نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شیخ عثمان کی عمر رسیدگی کے باوجود تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے حوصلہ افزائی کرنا اور ریاست کادونا میں مسلمانوں اور مسیحیوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
شیخ عثمان نے بھی مسیحی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنی تعلیمی خدمات کے دوران ملنے والا پہلا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا: اس اقدام نے مجھے مسلمان نوجوانوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے ایک نئی تحریک اور حوصلہ دیا ہے۔/
4370201