ایکنا: میلادِ رسول اکرم ﷺ کی مناسبت سے ’وُلِدَ الہُدیٰ: ہدایت متولد ہوئی" کے عنوان سے ایک میڈیا مہم ’’ازہر پوڈکاسٹ‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعے شروع کی جا رہی ہے۔
ایکنا نیوز- صدی البلد کے حوالے سے رپورٹ دی گئی ہے کہ اس مہم میں ایسا مواد پیش کیا جائے گا جس میں علمی و فکری آگاہی کو رسول اکرم ﷺ سے محبت و عقیدت کے اظہار کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ اس میں رسول اللہ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں، آپ ﷺ کی اعلیٰ صفات اور انسانیت کی ہدایت و رہنمائی کے لیے آپ ﷺ کی جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس مہم میں صحابۂ کرامؓ کے ذریعے محفوظ ہونے والی رسول اکرم ﷺ کی فضیلتوں اور اوصاف کو بھی بیان کیا جائے گا اور امتِ مسلمہ کے ذہن، دل اور تاریخ میں آپ ﷺ کی روشن شخصیت کو نمایاں کیا جائے گا۔
"ولد الہدی " مہم میں نعتِ رسول ﷺ اور امتِ مسلمہ کی جانب سے رسول اکرم ﷺ سے محبت کے اظہار میں اس کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ اس کے علاوہ مدحِ نبوی ﷺ کے ذریعے آپ ﷺ کی ہدایات کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرنے میں نعتیہ شاعری اور مدیحه سرائی کے کردار کو بھی بیان کیا جائے گا۔
الازہر کے علما اور ادبی شخصیات، جن میں حسن الشافعی، السید بلاط، محمد الجندی، حسن القصبی، مرحوم محمود توفیق سعد، فتحی حجازی اور شاعر علاء جانب شامل ہیں، مہم کے مختلف حصوں میں شرکت کریں گے۔
"ولد الہدی " کا مقصد علمی اور روحانی مواد پیش کرنا، رسول اکرم ﷺ کے فضائل و اوصاف کی خوبصورتی کو اجاگر کرنا، آپ ﷺ سے محبت کو مزید گہرا کرنا اور سیرت و سنتِ نبوی ﷺ کے ساتھ ساتھ صدیوں پر محیط آپ ﷺ کے تہذیبی و تمدنی اثرات کو بیان کرنا ہے۔
اس مہم کا مواد ’’ازہر پوڈکاسٹ‘‘ کے سرکاری پلیٹ فارمز پر نشر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ الازہر میڈیا سینٹر نے ’’ازہر پوڈکاسٹ‘‘ کو دنیا کے متعدد معروف پلیٹ فارمز، جن میں ایپل پوڈکاسٹ، اسپاٹیفائی، ڈیزر اور انغامی کے علاوہ یوٹیوب اور فیس بک بھی شامل ہیں، پر لانچ کیا ہے۔/
4370258