قاری منشاوی کی تلاوت ریڈیو مصر قرآن سے نشر

IQNA

قاری منشاوی کی تلاوت ریڈیو مصر قرآن سے نشر

7:33 - June 04, 2026
خبر کا کوڈ: 3520293
ایکنا: مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ریڈیو قرآن کریم نے پہلی بار ممتاز مصری قاری محمد صدیق منشاوی کی 1960 کی دہائی میں ریکارڈ کی گئی نئی ترتیل کی نشریات کا آغاز کر دیا ہے۔

ایکنا نیوز- مصراوی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام ریڈیو قرآن مصر کے قرآنی مواد کو مزید مؤثر اور مالا مال بنانے اور نادر ریڈیو ذخائر کو محفوظ کرکے دوبارہ زندہ کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔

اسی سلسلے میں مصر کی قومی میڈیا اتھارٹی کے سربراہ احمد المسلمانی نے ریڈیو قرآن کریم کی جانب سے قرآنی ورثے کے تحفظ کی کوششوں کو سراہا اور شیخ محمد صدیق منشاوی کے خاندان کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ریڈیو کی مسلسل معاونت کرتے ہوئے اس عظیم قاری کی نایاب تلاوتوں کو عوام کے لیے دستیاب کیا۔

ریڈیو قرآن کریم نیٹ ورک کے سربراہ اسماعیل دویدار نے کہا کہ نئی تلاوت کی نشریات اس ادارے کی اس حکمتِ عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد اپنے پروگراموں کو قرآنی تاریخ کے ’’لازوال جواہرات‘‘ سے مزین کرنا اور معروف قراء کی پیشہ ورانہ اور انسانی زندگی کے منفرد پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ استاد محمد صدیق منشاوی نے ماہرینِ قراءت و تجوید پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی کی منظوری کے بعد انجینئر فاروق عامر کے تعاون سے 1965ء میں قرآنِ کریم کا مکمل مرتل نسخہ، روایتِ حفص عن عاصم کے مطابق ریکارڈ کیا تھا۔

اسماعیل دویدار کے مطابق، کئی دہائیوں تک یہ ریکارڈنگز نشر نہیں کی گئیں، تاہم اب ریڈیو قرآن کریم نے انہیں نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سامعین کو ایک منفرد روحانی تجربہ فراہم کیا جا سکے اور قرآنِ کریم کی مکمل مرتل تلاوت کے لیے شیخ منشاوی کی اخلاص بھری محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔

محمد صدیق منشاوی مصر کے سنہری دور کے ممتاز قراء میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ 1920ء میں مصر کے گاؤں "منشاة" میں پیدا ہوئے اور قرآنِ کریم کی تعلیم اپنے والد صدیق منشاوی سے حاصل کی، جو خود بھی اپنے دور کے معروف قراء میں شامل تھے۔

اپنی دل سوز اور خشوع سے بھرپور تلاوت، خصوصاً مقامِ نہاوند میں غیرمعمولی مہارت کی وجہ سے انہیں ’’رونے والی آواز‘‘ اور ’’مقامِ نہاوند کے بادشاہ‘‘ کے القابات سے یاد کیا جاتا ہے۔ یہ عظیم مصری قاری 20 جون 1969ء (30 خرداد) کو 49 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، تاہم ان کی روح پرور تلاوتیں آج بھی دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں کو منور کر رہی ہیں۔/

 

4355760

نظرات بینندگان
captcha