
ایکنا نیوز کے مطبق رھبر معظم انقلاب اسلامی کے چہلم کے سلسلے میں کوئٹہ شہر میں میجر محمد علی روڑ پر ایک عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے ممتاز شیعہ و سنی علما، دانشوروں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں مقررین نے عالمِ اسلام کے اتحاد، مزاحمت اور امتِ مسلمہ کی بیداری کے حوالے سے رہبرِ معظم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقررین کا کہنا تھا شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنی پوری زندگی اسلامی امت کی سربلندی، استقامت اور مظلوم اقوام کی حمایت کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ رہبرِ معظم کی قیادت نے نہ صرف امتِ مسلمہ کو وقار، خود اعتمادی اور بیداری عطا کی بلکہ عالمی سطح پر ظلم و استکبار کے خلاف ایک مضبوط فکری محاذ بھی قائم کیا۔
علما نے اپنے خطابات میں کہا کہ ایران کی اسلامی جدوجہد اور امتِ مسلمہ کے لیے اس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رہبرِ معظم کی فکر، بصیرت اور جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ مقررین کے مطابق ان کی قربانی اور جدوجہد نے دنیا بھر میں اسلامی بیداری اور وحدتِ امت کی نئی لہر پیدا کی ہے۔

اجتماع کے اختتام پر عالمِ اسلام کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی اور مظلوم مسلمانوں کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔/






