
ایکنا نیوز- تہران میونسپلٹی کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق تہران کے میئر کے سماجی امور کے معاون محمدامین توکلی زادہ نے ایران کے بڑے شہروں کی ثقافتی و سماجی کمیشن کے اجلاس میں کہا کہ ایران کے شہید رہبر کی آخری رسومات اور الوداعی تقریبات کے لیے تین دن مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید رہبر کے جسدِ خاکی کی تشییع تہران، قم اور مشہد میں یقینی طور پر ہوگی اور دارالحکومت تہران میں 15 سے 20 ملین سے زائد افراد کی میزبانی کی تیاریاں جاری ہیں۔
توکلی زادہ نے مزید کہا کہ تشییع کی تقریب کم از کم 24 گھنٹے جاری رہے گی اور اس کی قیادت سپاہ پاسداران کے ذمہ ہوگی۔ ان کے مطابق، شہید رہبر کی الوداعی تقریب غالباً تہران کی مصلیٰ یا امام خمینیؒ کے مزار پر منعقد ہوگی۔
انہوں نے شہید رہبر ایران کی تدفین کے مقام کے بارے میں بتایا کہ ان کی وصیت اور قریبی افراد کی سفارشات کے مطابق انہیں روضۂ مطہر امام رضاؑ میں سپردِ خاک کیا جائے گا اور ان کا جسدِ خاکی وہیں آرام پائے گا۔
تہران کے میئر کے معاون نے مزید کہا کہ مشہد کی بھی ایک خاص اہمیت ہے، کیونکہ ملک کے مشرقی حصے میں پڑوسی ممالک سے سب سے زیادہ شرکت متوقع ہے۔ امکان ہے کہ مشہد میں پاکستان، افغانستان، بھارت، بنگلہ دیش اور کشمیر سے آنے والے زائرین اور عقیدت مندوں کی میزبانی کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عراق میں شہید رہبر کے جسدِ خاکی کی تشییع کے انعقاد کا امکان زیرِ غور ہے۔/
4355868