ایکنانیوز- اسلام ٹائمز۔ 5 ہزار سے زائد مدارس اہل سنت کے ناظمین نے تنظیم المدارس کے انتخابات کو غیر آئینی قرار دے کر مفتی منیب الرحمان، مولانا عبدالمصطفٰی ہزاروی اور مولانا غلام محمد سیالوی کی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ اہل سنت رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دستور کے مطابق نئے انتخابات کے انعقاد تک جدوجہد جاری رہے گی، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں مدارس کنونشنز کرائے جائیں گے، اگلا کنونشن کراچی میں 25 جنوری کو ہوگا۔
رہنماؤں نے کہا کہ دینی مدارس کی تقسیم نہیں اصلاح چاہتے ہیں، مدارس اہل سنت آپریشن ضرب عضب کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ اہلسنت مدارس دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایوان اقبال لاہور میں ہونے والے ملک گیر مدارس اہل سنت کنونشن میں مولانا راغب حسین نعیمی نے مشترکہ اعلامیہ میں کیا۔
اس کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں ناظمین نے شرکت کی۔ کنونشن سے صاحبزادہ حامد رضا، سید محفوظ مشہدی، علامہ احمد علی قصوری، صاحبزادہ فضل الرحمان اوکاڑوی، مفتی حسیب قادری، واجد شاہ گیلانی، سید غلام مصطفٰی عقیل بخاری، مفتی گلزار نعیمی، نعیم عارف نوری، صاحبزادہ عثمان علی، مولانا اصغر شاکر، مولانا حاجی عبدالخالق، پیر گلزار احمد سیفی، علامہ رضائے مصطفٰی، مفتی احمد سعید طفیل، ڈاکٹر مفتی محمد خریم کریم خان، مولانا مجاہد عبدالرسول، مولانا محمد علی نقشبندی سمیت دیگر رہنماؤں نے کنونشن سے خطاب کیا۔
کنونشن میں خواتین کی نمائندگی سعدیہ عبدالغنی جلالی نے کی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مدارس میں مخصوص گروہ کی اجارہ داری نہیں چلنے دیں گے، ہم تنتظیم المدارس میں آئین اور قانون کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں، مدارس اہل سنت کی واضح اکثریت ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت مدارس کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، ہم امن سے محبت اور دہشت گردی سے نفرت کرنے والے اہل حق ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے والے نام نہاد دینی مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔ مدارس اہل سنت سے ہمیشہ امن کا درس دیا جاتا ہے، آپریشن ضرب عضب کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔
ایم پی اے محفوظ مشہدی نے کہا کہ تنظیم المدارس کو تباہ کرنے والوں کا احتساب ہوگا، تنظیم المدارس پر مخصوص ٹولے کی اجارہ داری ختم کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنید جمشید کو حضرت عائشہ کی شان میں گستاخی کرنے پر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں جنت البقیع اور دیگر مزارات کو شہید کرنے پر اہل اسلام کے دل افسردہ ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سعودی حکومت سے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرائے۔ انہوں نے کہا کہ داعش کو پاکستان میں پنپنے کی اجازت نہ دی جائے بلکہ ان کے حامیوں کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی کی جائے۔