ایکنا نیوز-ایران ریڈیو-رجب طیب اردوغان نے پیر کے دن نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیرس میں دہشتگردی کےخلاف نکالی جانے والی ریلی میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی شرکت کو کسی بھی طرح درست قرار نہیں دیا جاسکتا ہے کیونکہ وہ تو خود غزہ میں ریاستی دہشتگردی کا سبب ہیں۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوغان نے ترکی کے نئےایوان صدر میں فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ پٹی پر پچاس روزہ حملوں کے دوران تین ہزار سے زیادہ فلسطینی شہریوں کے قتل عام کے ذریعے کھلے بندوں ریاستی دہشتگردی کا ارتکاب کیا ہے۔ ترکی کے صدر نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ پیرس میں دہشتگردی کے خلاف نکالی جانے والی ریلی میں نیتن یاہو کی شرکت قابل قبول نہیں ہے کہا کہ غزہ میں مظالم کے ارتکاب کی بناء پر اسرائیلی وزیر اعظم پر مقدمہ چلایا جانا چاہیۓ۔