ایکنا نیوز- شفقنا۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا لاہور میں تعزیتی اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف موثر حکمت علمی اور جراتمندانہ اقدامات کی ضرورت ہے، دہشت گردی سے اس وقت تک نجات نہیں مل سکتی ہے جب تک ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائی جائے، سانحہ شکار پور سندھ حکومت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے، وفاق اور سندھ حکومت سانحہ شکار پور کے ذمہ دار ہیں، سندھ دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، پیپلز پارٹی دہشت گردوں کیخلاف ایکشن سے گریزاں ہے، ہم شہدائے شکار پور کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، ہمیں دہشت گردی کے خلاف آواز اُٹھانے کی سزا دی جا رہی ہے، دہشت گرد ٹولہ ملک بھر میں سرگرم ہے، دہشت گردوں کے سیاسی سرپرست دہشت گردی کے خلاف ایکشن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہے، وزیر داخلہ کا کالعدم جماعتوں کو بلا کر کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی اس بات کی دلیل ہے کہ حکمران جماعت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ نہیں، سندھ سمیت ملک بھر میں مسلمانوں کی تکفیر پر انتظامیہ خاموش ہے۔ علامہ اسدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم مزید لاشیں اُٹھانے کی متحمل نہیں، سانحہ پشاور اور سانحہ شکار پور کے شہداء کے لواحقین اب ان حکمرانوں کے خلاف میدان میں آ چکے ہیں، ہم شہداء کمیٹی کے ہر فیصلے کی بھر پور حمایت کریں گے۔