ایکنا نیوز- ایران ریڈیو- بحرینی عوام نے چودہ فروری یعنی اپنی انقلابی تحریک کو چار سال پورے ہونےپر عام ہڑتال کی اور ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آل خلیفہ حکومت کے خلاف مظاہرے کئے ۔ بحرینی عوام نے سبھی سیاسی قیدیوں کی رہائی اور ملک میں سیاسی اصلاحات کا اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے اس عزم کا اعلان کیا کہ جب تک ان کے قانونی مطالبات پورے نہیں ہوجاتے وہ اپنی پرامن تحریک جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب بحرینی فوجیوں نے مظاہرین پر طاقت کا بے دریغ استعمال کیا اور انہیں منتشر کرنے کےلئے آنسو گیس کے گولے داغے - اس درمیان بحرین کی جمعیت الوفاق اسلامی نے کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے عوامی مظاہروں پر روک لگانے کے لئے ملک کے مختلف علاقوں کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔ واضح رہے کہ بحرینی عوام اور انقلابی گروہوں نے اپنے انقلاب کی چوتھی سالگرہ کی مناسبت سے تین روزہ ہڑتال اور مظاہروں کی کال دے رکھی ہے جس کے سبب پورے ملک میں کاروباری مراکز اور سرکاری دفاتر بند پڑے ہیں۔ مظاہرین نے حکومت پر زوردیا کہ وہ بحرین کے معروف سیاسی رہنما شیخ علی سلمان کوفوری طور پر رہا کرے ۔ یاد رہےکہ آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نےشیخ علی سلمان کوگذشتہ اٹھائیس دسمبر کو بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کرلیا تھا ۔