ایکنا نیوز- ایران کے صوبہ مشرقی آذربائیجان کے عوام کےمختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے بدھ کو تہران میں رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ رہبرانقلاب اسلامی نےاس ملاقات میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ اس عوامی شکوہ و عظمت کی اصل وجہ یہ ہے کہ عوام ہمیشہ میدان میں موجود رہے ہیں رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ ایران کے عوام نے ہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ وہ مضبوط عزم و ارادے کے مالک ہیں اور پابندیوں کے مسئلے میں بھی وہ دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اقتصادی میدانوں میں عوام کی صلاحیتوں سے استفادے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ ایران کی اقتصادی مشکلات کا ایک اہم سبب ایران پر مسلط کردہ جنگ کے بعد ایران کو علاقے اور عالمی سطح پر ایک اقتصادی طاقت بننے سے روکنے کے لئے سامراجی طاقتوں کی سازشیں ہیں۔ رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ سامراجی محاذ نے ایرانی عوام کے خلاف پابندیوں کا حربہ کا میاب بنانے میں اپنی پوری کوشش صرف کردی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ پابندیوں کا حربہ استعمال کرنے کا سامراجی محاذ کا اصل مقصد ایرانی عوام کی تحقیر اور اسلامی نظام کو نئے اسلامی تمدن کی جانب بڑھنے سے روکنا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اگر ایٹمی معاملے میں بھی سامراجی طاقتوں کے مطالبات جیسا کہ وہ چاہتی ہیں مان لئے جائیں پھر بھی یہ طاقتیں پابندیاں ختم نہیں کریں گی۔ کیونکہ وہ اصل انقلاب کی دشمن ہیں- رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اگربات پابندیوں کی ہے تو ایرانی عوام بھی ان کے خلاف پابندیاں عائد کرسکتے ہیں اور یہ کام کریں گے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے داعش کے خلاف ایران کے پوری قوت کے ساتھ ڈٹ جانے کو اس مضبوط ارادے کا صرف ایک نمونہ قرار دیا اور اس دہشت گرد گروہ کا مقابلہ کرنے کے لئے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے جھوٹے دعوؤں کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ انہوں نے ایران کی وزارت خارجہ کے نام خط میں لکھا کہ وہ داعش کی حمایت نہیں کرتے لیکن کچھ ہی دن بعد ایسی تصویریں سامنے آگئیں جن میں دیکھا گیا کہ امریکا داعش کو فوجی مدد فراہم کررہا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اٹھارہ فروری انیس سو اٹھہتر میں تبریز شہر کے عوام کی انقلابی تحریک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے،مختلف مراحل میں انقلابی تحریک میں پیشقدم رہنے، وقت شناسی، بروقت اقدام کرنے، شجاعت و بہادری اور حقیقی ایمان کو صوبہ مشرقی آذربائیجان اور تبریز کے عوام کی ممتازخصوصیات قراردیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ عوام ہی اسلامی انقلاب اور ایران کے حقیقی مالک و وارث ہیں فرمایا کہ بلاشبہ ایران کے عوام بہت جلد ترقی وکمال کی عظیم چوٹیوں کو سرکرلیں گے۔
رہبر انقلاب کی تقریر سے پہلے امام جمعہ اور دیگر اعلی شخصیات نے مختلف موضوعات پر بریفینگ دی۔