ایکنا نیوز- ایران ریڈیو- موصولہ رپورٹ کے مطابق بحرین کے جزیرے سترہ کے باشندوں نے پیر کے روز آل خلیفہ حکومت کی تشدد پسندانہ پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا- آل خلیفہ حکومت کے فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر دھاوا بول دیا، ان پر گولیاں چلائیں اور زہریلی گیس کے گولے فائر کیے جس کی وجہ سے بہت سے مظاہرین زخمی ہو گئے۔ آل خلیفہ حکومت کے تشدد آمیز اقدامات اور بحرینی باشندوں کی شہریت ختم کرنے کے اقدامات پر بحرینی عوام میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں بحرینی عوام ہر روز پرامن مظاہرے کر کے ان اقدامات پر احتجاج کر رہے ہیں- واضح رہے کہ بحرین میں چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوامی تحریک جاری ہے اور عوام اپنے ملک میں عدل و انصاف کے قیام، امتیازی سلوک کے خاتمے اور ایک عوامی جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں اور جائز و قانونی مطالبات کرنے والے عوام کو آل خلیفہ کی شاہی اور ڈکٹیٹر حکومت سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کی افواج کی مدد سے سختی سے کچل رہی ہے-