ایکنا نیوز- کراچی پولیس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ ’پولیس کے کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے صفورہ کے علاقے میں اسماعیلی برادری کی بس پر ہونے والے حملے کے ماسٹر مائینڈ طاہر سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے‘۔
صفورہ بس حملے کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ غلام قادر تھیبو نے ڈان کو بتایا کہ گرفتار ہونے والے چاروں ملزمان نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا ہے کہ حملے میں 11 افراد ملوث تھے جو کہ انسانی حقوق کی سرگرم کارکن سبین محمود اور متعدد پولیس اہلکاروں کے قتل، بوہرا برادری اور امریکی پروفیسر پر ہونے والے حملوں میں بھی ملوث ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی پولیس چیف کے خیال میں یہ 11 ملزمان بین الاقوامی تنظیم القاعدہ سے متاثر ہیں اور ان کا تعلق مختلف قومیتوں سے ہیں۔
پولیس سربراہ کے مطابق ان 11 ملزمان میں سے 4 کا تعلق خیبر پختونخوا، 4 پنجاب اور دیگر 3ملزمان کا تعلق کراچی سے ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسماعیلی اور بوہری برادری پر حملے کے عوامل کے پیچھے مذہبی انتہاء پسندی ہے۔