ایکنا نیوز- بلوچستان میں سانحہ مستونگ اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس طلب کی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس میں وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی سیفران عبد القادر بلوچ، محمود خان اچکزئی سمیت صوبے کی تمام سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے نمائندے شریک ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف اے پی سی کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مستونگ بہت افسوس ناک واقعہ ہے، دشمن قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ ہمیں کسی طرح آپس میں لڑایا جائے، دشمن گھناؤنی کارروائیوں سے ملک کو کمزور کرنا چاہتا ہے
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ فرقہ وارانہ اور لسانی تقسیم چاہتے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ دشمن پاک چین منصوبے کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، بلوچستان کے موجودہ حالات اور 3سال پہلے کےحالات میں فرق ہے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ پاکستان کا پرامن ترین شہر ہوتا تھا، ملک بھر میں کوئٹہ کے پانی کی تعریف کی جاتی تھی، کوئٹہ کی ان خصوصیات اور رونقوں کو لوٹنا چاہیے۔