ایکنانیوز- ایرانی ریڈیو کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یمنی عوام کے خلاف سعودی حکومت کے حملے فوری طور پر روکے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے-
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ یمن کے بحران کے حل سے متعلق جنیوا اجلاس میں شرکت کے لئے یمن کے مختلف گروہوں کی جانب سے آمادگی کا اعلان قابل ستائش ہے- یہ اجلاس چودہ جون کو ہوگا جس میں یمن کے تمام گروہوں کی شرکت سے دوبارہ امن مذاکرات شروع کئے جانے سے متعلق حالات سازگار بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنے بیان میں یمن کے متحارب دھڑوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نیک نیتی کے ساتھ اور غیر مشروط طور پر جنیوا مذاکرات میں شرکت کرکے اپنے ملک میں ایک دائمی اور پائیدار سیاسی سمجھوتے کے حصول کی راہ ہموار کریں-