ایکنا نیوز-ایران ریڈیو-اطلاعات کے مطابق داعش گروہ نے جمعرات کے دن عراق کے شمالی صوبے نینوا کے شہر موصل کے جنوب میں ایک اسی سالہ عیسائی عورت کو اس وجہ سے زندہ جلا دیا کہ اس نے داعش کے افکار کی مخالفت کی تھی-داعش گروہ نے موصل کے تمام باشندوں پر اپنی شریعت کو واجب العمل قرار دے دیا ہے اور مقتول عیسائی عورت نے اسے قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ داعش گروہ کے دہشت گردوں نے، جنہیں مغرب اور بعض علاقائی ممالک کی حمایت حاصل ہے، عراق کے کچھ علاقوں پر گزشتہ سال سے قبضہ کر رکھا ہے اور اس وقت سے اب تک اس دہشت گرد گروہ نے اپنے زیر قبضہ علاقوں میں بے شمار ہولناک جرائم کا ارتکاب کیا ہے-