ایپکس کمیٹی کا کراچی آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ/ بعض مدارس دہشت گردی میں ملوث ہونے کا انکشاف

IQNA

ایپکس کمیٹی کا کراچی آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ/ بعض مدارس دہشت گردی میں ملوث ہونے کا انکشاف

14:47 - July 13, 2015
خبر کا کوڈ: 3327636
بین الاقوامی گروپ:شرجیل میمن کے مطابق دہشت گردوں کو جہاں سے بھی مدد مل رہی ہے اس کو ختم کیاجائےگا،دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے

ایکنا نیوز- مدارس بھی دہشت گردی میں شامل ہیں۔ یہ بات وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران بتائی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سب اچھا ہے کی رپورٹ پر کراچی آپریشن بند نہیں ہوگا، آپریشن سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں دہشتگردوں کے معاونین، سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ، جبکہ دہشت گردی کی روک تھام کےلیے عوام سے بھی تعاون لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن ملک کے ہاتھوں استعمال ہونےوالوں کےخلاف گھیرا تنگ کرنے ، کالعدم جماعتوں کےخلاف کارروائی تیز اور دہشت گردی کی ترغیب دینے والے بعض مدارس کےخلاف کارروائی کابھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اگرکوئی فطرہ یا زکوة دہشت گردوں کی معاونت کےلیے استعمال کرتا ہے تواسے روکا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں رینجرز کے اختیارات سے متعلق معاملہ زیربحث نہیں آیا اور اس معاملے کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرکے حل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اجلاس میں قیام امن کی کوششوں پر اتفاق کیاگیا، عارضی ریلیف کے بجائے مستقل اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

شرمین میمن کے مطابق دہشت گردوں کو جہاں سے بھی مدد مل رہی ہے اس کو ختم کیاجائےگا،دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

 

ٹیگس: مدارس ، دہشت ، گردی ، کراچی
نظرات بینندگان
captcha